
کراچی بندرگاہ پر 2 جہاز ٹکرا گئے، واقعے کی وجوہات اور حقائق کا تعین کرنے کے لیے تفصیلی تحقیقات کی جا رہی ہیں، کراچی پورٹ کے داخلی راستے کے قریب فیئر وے بوائے کے باہر 2 جہاز ایم وی نیوا (متحدہ عرب امارات پرچم بردار) اور ایم وی پاپو (لائبیریا پرچم بردار) جمعرات کو رات تقریباً 8 بجے آپس میں ٹکرا گئے، خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) نے فوری طور پر بڑے پیمانے پر امدادی کارروائی شروع کرتے ہوئے اپنے 4 بڑے ٹگز ایم ٹی میٹھادر، ایم ٹی کھارادر، ایم ٹی لیاری اور ایم ٹی کیماڑی تعینات کیے، جنہوں نے متاثرہ جہاز ایم وی نیوا کو بحفاظت کراچی ہاربر منتقل کیا، جہاں اسے مرمت کے لیے لنگر انداز کر دیا گیا، کے پی ٹی کے اعلامیے کے مطابق اس بروقت امدادی کارروائی سے جہاز رانی اور سمندری ماحول کو درپیش ممکنہ خطرات کو ٹال دیا گیا





