تازہ ترینخبریںدنیاسیاسیاتپاکستان

’معاشی جوہری ہتھیار‘: امریکا کا ایران پر آبنائے ہرمز کے حوالےسے بڑا الزام

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے آبنائے ہرمز کو ’معاشی جوہری ہتھیار‘ قرار دیتے ہوئے ایران پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ اس اہم بحری گزرگاہ کو عالمی دباؤ کے لیے استعمال کرنا چاہتا ہے۔
امریکی ٹی وی چینل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ ایران خود یہ دعویٰ کرتا ہے کہ وہ دنیا کی 20 سے 25 فیصد توانائی کی ترسیل کو متاثر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اور اگر اسے جوہری ہتھیار تک رسائی مل گئی تو وہ پورے خطے کو یرغمال بنا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ کشیدگی کے بعد دنیا کو ایران سے لاحق خطرات کا بہتر اندازہ ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق ایران اس وقت تیل کی ترسیل کو جس طرح بطور دباؤ استعمال کر رہا ہے، وہی طرز عمل وہ جوہری ہتھیار حاصل ہونے کی صورت میں بھی اختیار کر سکتا ہے۔
مارکو روبیو نے دعویٰ کیا کہ جاری تنازع کے نتیجے میں ایران کی عسکری صلاحیت کو نقصان پہنچا ہے اور اس کے پاس پہلے کے مقابلے میں کم وسائل رہ گئے ہیں، تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایرانی نظام میں کچھ عناصر ایسے ہیں جو صورتحال کو بہتر بنانے اور معیشت کو سنبھالنے کے لیے سنجیدہ ہو سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکہ ایران کے ساتھ معاملات میں یہ یقینی بنائے گا کہ کسی بھی جارحانہ اقدام کی قیمت اس کے ممکنہ فائدے سے زیادہ ہو۔
امریکی وزیر خارجہ نے یہ بھی واضح کیا کہ امریکہ کا ہدف ایرانی عوام کو نقصان پہنچانا نہیں، بلکہ وہ چاہتے ہیں کہ ایران میں عوام کی آواز سنی جائے۔ انہوں نے ایران میں حالیہ مظاہروں اور حکومتی کریک ڈاؤن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے خلاف طاقت کے استعمال کے بجائے ان کے مطالبات کو اہمیت دی جانی چاہیے۔

جواب دیں

Back to top button