CM RizwanColumn

معاشی، فضائی اور سیاسی آلودگیوں کی گھٹن

جگائے گا کون؟
معاشی، فضائی اور سیاسی آلودگیوں کی گھٹن
تحریر: سی ایم رضوان
اردو زبان کا ایک معروف محاورہ ہے کہ ’’ آسمان سے گرا کھجور میں اٹکا‘‘، لیکن پاکستان کے موجودہ معاشی حالات اور حکومتی کرامات نے اس محاورے کو اب ایک نئی اور تلخ شکل دے دی ہے کہ ’’ آئل سے گرا، آٹے میں اٹکا‘‘۔ یہ نیا محاورہ محض لفظوں کا ہیر پھیر نہیں بلکہ پاکستان کے کروڑوں متوسط اور غریب گھرانوں کے روزمرہ کچن بجٹ کا المناک نوحہ ہے کہ کل تک عام پاکستانی پٹرول اور ڈیزل کی ہوشربا قیمتوں کی وجہ سے مشکلات کے آسمان پر قلا بازیاں کھا رہے تھے جبکہ اب اگر پٹرول پرائسز میں تھوڑی کمی آئی ہے تو گندم اور آٹے کی عام پاکستانی کے لئے ناقابل رسائی قیمتوں نے جان سولی پر لٹکا دی ہے یعنی اگر آٹا دو سو روپے فی کلو ہو گا تو ایک گھرانے کے لئے صبح، دوپہر اور شام کو روکھی سوکھی یعنی بغیر سالن کے روٹی کھانے کے لءے بھی کم از کم چھ سو روپے درکار ہوں گے اور اگر سالن پلس کر لیا جائے تو مزدور کے دو وقت کی روٹی پوری نہ ہونے کا عام جملہ اصلی غریب کے گلے میں یوں اٹک جاتا ہے جیسے کہ کوئی نوک دار ہڈی گلے میں اٹکتی ہے۔ تازہ تلخ حقیقت ہے کہ ایک عام شہری اگر کسی ایک بنیادی ضرورت کی مہنگائی سے بچنے کی کوشش کرتا ہے تو دوسری بنیادی ضرورت کی قیمت اسے دبوچ لیتی ہے۔ مثال کے طور پر گزشتہ چند برسوں کے دوران ملک میں پٹرولیم مصنوعات کے ساتھ ساتھ کھانے کے تیل ( کوکنگ آئل) اور گھی کی قیمتوں میں بھی ایسا ہوشربا اضافہ ہوا کہ عام آدمی کے دستر خوان سے تلی ہوئی چیزیں تو دور، سالن میں تڑکا لگانا بھی عیاشی بن گیا۔ عالمی منڈی میں پام آئل کی قیمتوں میں اتار چڑھائو، روپے کی قدر میں کمی اور مقامی سطح پر ٹیکسوں کی بھرمار نے کوکنگ آئل کو عام آدمی کی پہنچ سے باہر کر دیا تو شہریوں نے مجبوراً اپنی خوراک میں تیل اور گھی کا استعمال کم کر دیا، متبادل راستے تلاش کیے اور سوچا کہ شاید اب گزارا ہو جائے گا لیکن معاشی بے یقینی کے اس بھنور میں ابھی وہ آئل کی گرانی سے سنبھلنے کی کوشش ہی کر رہا تھا کہ آٹے اور روٹی کے بحران نے اسے آ لیا۔ افسوس صد افسوس کہ جس ملک کی شناخت کبھی زرعی خود کفالت اور گندم کی وافر پیداوار ہوا کرتی تھی، وہاں اب حکمرانوں کی مسلسل مہربانیوں سے دو وقت کی روٹی کا حصول سب سے بڑا معاشی چیلنج بن گیا ہے اور آٹے کی بوری کی قیمت نے جب تاریخ کے تمام ریکارڈ توڑے ہیں تو تندور پر بکنے والی سادہ روٹی اور نان بھی عام مزدور کی جیب پر بھاری پڑنے لگے ہیں۔ واضح رہے کہ یہ صورتحال صرف کسی ایک شعبے کی ناکامی نہیں بلکہ ایک پورے معاشی ڈھانچے کے بگاڑ کی عکاسی کرتی ہے کہ اگر ایک طرف عالمی منڈی کے اثرات، درآمدی بل کا دبائو اور توانائی کے نرخوں میں اضافہ ہے، تو دوسری طرف اندرونی بدانتظامی، ذخیرہ اندوزی، اسمگلنگ اور پرائس کنٹرول کے نظام کی کمزوری بھی تسلیم شدہ ہے۔ سیدھی سی بات ہے کہ جب کوکنگ آئل مہنگا ہوتا ہے تو اس کا ملبہ عالمی منڈی پر ڈال دیا جاتا ہے، اور جب گندم یا آٹا نایاب ہوتا ہے تو موسمیاتی تبدیلیوں، مڈل مین یا پالیسیوں کے تسلسل نہ ہونے کو ذمہ دار ٹھہرا دیا جاتا ہے لیکن وقت کے حکمران لاکھ ڈائیلاگ بازی کر لیں وہ اپنی انتظامی بدعنوانی سے دامن نہیں بچا سکتے جبکہ اس تمام تر کھیل میں پسنے والا صرف اور صرف ایک عام صارف ہے جس کا المیہ یہ ہے کہ اس کے یعنی ایک عام پاکستانی خاندان کے لئے یہ دونوں اشیاء یعنی تیل اور آٹا لگژری نہیں بلکہ بقا کی بنیادی ضرورت ہیں مگر ان کی موجودہ قیمتوں نے انہیں لگژری بنا دیا ہے۔ ایک دیہاڑی دار مزدور یا محدود تنخواہ پانے والا ملازم اگر اپنے بال بچوں کا پیٹ بھرنے کے لئے سالن میں گھی کم کر کے روٹی پوری کرنے کی کوشش کرتا ہے، تو آٹے کی قیمت اس کی یہ تدبیر بھی ناکام بنا دیتی ہے۔ گویا وہ ایک مصیبت سے نکل کر دوسری بڑی مصیبت میں جا پھنستا ہے۔ معاشی ماہرین کے مطابق جب تک ملک میں زرعی پیداوار بڑھانے، خوردنی تیل کے بیجوں کی مقامی کاشت کو فروغ دینے اور سپلائی چین سے منافع خور مافیا کا خاتمہ کرنے کے لئے ٹھوس اور طویل مدتی پالیسیاں نہیں بنائی جاتیں، عام آدمی کی زندگی اسی طرح آئل اور آٹے کے درمیان لٹکی رہے گی۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ کاغذی دعوں اور عارضی ریلیف کے بجائے زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے اقدامات کیے جائیں جن سے عام شہری کا دسترخوان محفوظ رہ سکے، ورنہ یہ نیا محاورہ ہماری معاشی تاریخ کا ایک مستقل باب بن کر رہ جائے گا۔
معاشی طور پر تو عام پاکستانیوں کے لئے سانس لینا محال ہے اور شاید آئندہ بھی رہے کیونکہ کون سا یہاں کوئی دیانتدار اور محب وطن حکمران آنے کی توقع باقی ہے۔ اس پر ستم یہ کہ پاکستان بالخصوص پنجاب کے وسطی علاقوں خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں فضائی اور طبی طور پر بھی سانس لینا محال ہو گیا ہے۔ عالمی فضائی معیار کی رپورٹس ( جیسے آئی کیو ایئر کی عالمی درجہ بندی) کے مطابق پاکستان کا شمار دنیا کے آلودہ ترین ممالک میں سرِفہرست ہے، پچھلے کئی سالوں سے دیکھا گیا ہے کہ سردیوں کے آغاز کے ساتھ ہی پنجاب اور خیبر پختونخوا کے بڑے شہر شدید سموگ کی لپیٹ میں آ جاتے ہیں۔ اس سنگین ماحولیاتی بحران میں حکومتوں کی پالیسیوں کا حصہ سب سے زیادہ اور بنیادی ہے، تاہم اس کے ساتھ جغرافیائی عوامل اور عوامی و صنعتی رویے بھی شامل ہیں کیونکہ سموگ کوئی اچانک آنے والی قدرتی آفت نہیں بلکہ دہائیوں کی ناقص منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے۔ رپورٹس کے مطابق لاہور اور پشاور جیسے شہروں میں فضائی آلودگی کا 80فیصد سے زائد حصہ گاڑیوں کے دھوئیں سے پیدا ہوتا ہے۔ ماضی اور حال کی تمام جائز ناجائز حکومتیں ملک میں اعلیٰ معیار کے ایندھن ( یورو فائیو یا یورو سکس) کی مکمل فراہمی یقینی بنانے، اسمگل شدہ غیر معیاری تیل روکنے اور پرانی دھواں چھوڑتی گاڑیوں کی فٹنس چیک کرنے میں ناکام رہی ہیں۔ دوسرا یہ کہ ملک کے تمام بڑے شہروں میں ماس ٹرانزٹ نظام ضرورت کے مطابق نہ ہونے کی وجہ سے لاکھوں شہری موٹر سائیکلوں اور ذاتی گاڑیوں پر انحصار کرتے ہیں، جس سے سڑکوں پر دھوئیں کا بوجھ کئی گنا بڑھ گیا ہے۔ اس پر مستزاد یہ کہ ملک کے اکثر زرعی اور فضائی طور پر صحت افزا رقبوں پر بیدرد ہائوسنگ سوسائٹیوں کی اندھا دھند منظوری، زرعی زمینوں کے خاتمے اور ترقیاتی منصوبوں کے نام پر لاکھوں درخت کاٹنے سے شہروں کا قدرتی ماحولیاتی توازن تباہ ہو چکا ہے۔ سب سے خطرناک یہ کہ ماحولیاتی تحفظ کے اداروں کے پاس جدید آلات، عملے اور سیاسی عزم کی کمی کے باعث فیکٹریوں میں زہریلا مواد جلانے اور اینٹوں کے بھٹوں کو مکمل طور پر جدید زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کے احکامات پر مستقل عملدرآمد نہیں ہو پاتا۔ علاقائی سفارت کاری کا فقدان کی وجہ سے سموگ ایک سرحد پار مسئلہ بھی ہے، لیکن پاکستان اور بھارت کے درمیان ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لئے کوئی مثر مشترکہ فریم ورک یا معاہدہ موجود نہیں ہے۔ اگرچہ پالیسی بنانا اور قانون نافذ کرنا ریاست کا کام ہے، لیکن اس بحران کو بڑھانے میں دیگر عناصر بھی برابر کے شریک ہیں۔ کسانوں کی جانب سے کم خرچ اور فوری صفائی کے لئے دھان کی باقیات ( پرالی) کو آگ لگانا سموگ کی شدت میں اچانک اضافے کا باعث بنتا ہے۔ متعدد فیکٹری مالکان منافع بچانے کے لئے دھوئیں کو صاف کرنے والے فلٹرز ( سکربرز) بند رکھتے ہیں۔ اسی طرح شہری سطح پر کوڑا کرکٹ، پلاسٹک اور ٹائر جلانا ایک عام روش ہے۔ پنجاب کا میدانی علاقہ ( انڈو گنگا کا میدان) ہمالیہ کے دامن میں واقع ہے۔ سردیوں میں ہوا کی رفتار کم ہونے اور درجہ حرارت گرنے سے آلودہ ذرات زمین کے قریب ٹھہر جاتے ہیں ( جسے سائنسی زبان میں تھرمل انورژن کہا جاتا ہے) ، اور سمندر سے دوری کے باعث یہ دھند اور دھواں ہفتوں تک فضا میں معلق رہتا ہے۔ ان تمام عوامل کی موجودگی میں مجموعی طور پر یہ کہا جا سکتا ہے کہ قدرتی موسمیاتی حالات محض ایک محرک ہیں، جبکہ فضا میں زہر گھولنے والے اصل ذرائع گاڑیوں، فیکٹریوں اور تعمیراتی دھول کو کنٹرول نہ کرنا براہِ راست ماضی اور حال کی حکومتوں کی ترجیحات اور گورننس کی ناکامی کا نتیجہ ہے۔
معاشی، فضائی اور انتظامی آلودگیوں کے ساتھ ساتھ اب ملک میں سیاسی آلودگی بھی عروج پر پہنچ چکی ہے اور نظام کے کرتا دھرتا خود اس نظام کی تباہی کا شرمناک اظہار کرنے پر آ گئے ہیں۔ کیا یہ ہماری سیاست، معیشت اور ریاستی ڈھانچے کا نہایت حساس اور بنیادی المیہ نہیں کہ ہمارے پالیسی ساز، حکمران طبقہ اور مقتدر حلقے خود ہی رائج نظام کی ناکامی کا اعتراف کرنے لگے ہیں۔ بغیر کسی متبادل روڈ میپ یا اصلاحات کے پالیسی سازوں کے ایک مبینہ، فرضی نمائندہ کردار کی جانب سے اگر ببانگ دہل یہ اعتراف کر لیا جائے کہ نظام تباہ ہو گیا ہے تو واضح رہے کہ اس کے اثرات محض بیانات تک محدود نہیں رہتے بلکہ پورے سماج اور ریاست کی جڑوں تک کو ہلا دیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ مولانا سے لے کر بلاول بھٹو تک اور خواجہ سعد رفیق سے لے کر حاضر سروس سپیکر پنجاب اسمبلی تک سبھی نظام سے نالاں سنائی دے رہے ہیں۔ دوسری طرف چودھری شجاعت جیسے کرداروں کی رونمائی بھی ہو رہی ہے مگر عوام کی حالت زار سے کسی کو کوئی سروکار نہیں۔ اس صورتحال کے نتیجے میں عوام میں اعتماد کا مکمل فقدان پیدا ہو گیا ہے کہ جب نظام کے کار پرداز ہی اسے ’’ ناکام‘‘ یا ’’ بوسیدہ‘‘ قرار دے دیں تو عام شہری کا ریاست، قانون اور اداروں پر سے رہا سہا اعتماد بھی اٹھ جاتا ہے اور عام شہری یہ سمجھنے لگتا ہے کہ جب اوپر بیٹھے لوگ ہی مایوس ہیں تو ٹیکس دینے، قانون کی پاسداری کرنے یا اس ملک میں اپنا مستقبل محفوظ سمجھنے کا کیا فائدہ۔ یہی بے یقینی سرمائے کے انخلا اور نوجوانوں کے ملک چھوڑنے ( برین ڈرین) کا سبب بنتی ہے کہ جب نظام کے اندر رہتے ہوئے مسائل حل ہونے کی امید دم توڑ گئی ہے اور سیاسی فریق مذاکرات اور مفاہمت کی بجائے تصادم کا راستہ اپنا چکے ہیں اور ہر فریق یہ سمجھتا ہے کہ یا تو وہ مکمل طور پر غالب آ جائے گا یا مکمل طور پر مٹ جائے گا۔ اسی سوچ نے پاکستانی سیاست کو اب ایک ایسا فتنہ گڑھ بنا دیا ہے، جہاں سانس لینا بھی دشوار ہو گیا ہے۔

جواب دیں

Back to top button