ضمیر کی آواز، اصولوں کا استعارہ حسین نقی مرحوم

ضمیر کی آواز، اصولوں کا استعارہ حسین نقی مرحوم
حروف بے زباں
مرزا رضوان
پاکستان کی صحافت، ٹریڈ یونین تحریک اور انسانی حقوق کی جدوجہد کا ایک روشن باب بھی خاموش ہو گیا۔ بزرگ اور سینئر صحافی حسین نقی صاحب 88برس کی عمر میں لاہور میں انتقال کر گئے اور ماڈل ٹائون کی جامعہ المنتظر میں نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد سپردِ خاک کر دئیے گئے، ان کے انتقال پر سیاسی رہنمائوں، صحافیوں، وکلاء اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی جانب سے خراجِ تحسین پیش کرنے والوں کا تانتا بندھ گیا۔ انہوں نے حسین نقی صاحب کو آمریت کے خلاف ایک غیر متزلزل آواز اور عام لوگوں کے حقوق کے لیے زندگی بھر جدوجہد کرنے والے شخص کے طور پر یاد کیا۔ پاکستان کے سینئر صحافی اور انسانی حقوق کے کارکن حسین نقی صاحب مرحوم، جن کا کیریئر سات دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط تھا اور جنہوں نے مختلف حکومتوں کے خلاف آواز اٹھانے کی پاداش میں بار بار قید کا سامنا کیا، آپ کے انتقال سے صحافتی، ادبی اور سماجی حلقوں میں ایک ایسا خلا پیدا ہو گیا ہے جو برسوں پُر نہیں ہو سکے گا۔ تقریباً سات دہائیوں پر محیط ان کی صحافتی و سماجی زندگی اس بات کا زندہ ثبوت ہے کہ صحافت محض خبر دینے یا کالم لکھنے کا نام نہیں، بلکہ سچ کے ساتھ کھڑے ہونے، آمرانہ رویوں کے سامنے ڈٹ جانے اور کمزور طبقات و محنت کش صحافیوں کی آواز بننے کا نام ہے۔
حسین نقی صاحب مرحوم کا تعلق لکھنو کی علمی و تہذیبی روایت سے تھا اور ان کے طرزِ گفتگو، وضع داری اور اصول پسندی میں اس تہذیب کی جھلک صاف نظر آتی تھی۔ زندگی کے آخری ایام تک ان کا قلم اور فکر جس طرح متحرک رہے، وہ نئی نسل کے لیے ایک مثال ہے؛ انہوں نے اپنی وفات سے محض ایک روز قبل لاہور میں ایک کتاب کی تقریبِ رونمائی کی صدارت کی تھی، جو ان کی علمی و ادبی وابستگی اور فعال ذہن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ صحافت کی دنیا میں حسین نقی صاحب کی پہچان محض ایک مدیر یا کالم نگار کے طور پر نہیں بلکہ ایک بے باک ٹریڈ یونین رہنما اور جمہوری اقدار کے محافظ کے طور پر بھی ہوئی۔ انہوں نے انگریزی صحافت میں دی نیوز انٹرنیشنل ( لاہور) کی ادارت کے ساتھ ساتھ مادری زبانوں کی صحافت کے فروغ کے لیے پنجابی روزنامہ ’’ سجن‘‘ کے اجرا میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔ اقتدار کے ایوانوں کو خوش کرنے کے بجائے سچ بولنا اور ادارتی آزادی پر سمجھوتہ نہ کرنا ان کا مستقل مزاج رہا، جس کی پاداش میں انہیں بارہا ملازمتوں سے ہاتھ دھونا پڑا اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنی پڑیں۔ تاریخ کے اوراق گواہ ہیں کہ جب انہوں نے پہلے سویلین مارشل لاء ایڈمنسٹریٹر ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں سرعام اختلاف کیا تو انہیں گرفتار کر کے فوجی عدالت میں مقدمے کا سامنا کرنا پڑا اور قید کی سزا سنائی گئی۔ بعد ازاں جنرل ضیاء کے مارشل لاء کے دور میں بھی وہ اپنے اصولوں پر ڈٹے رہے، دوبارہ گرفتار ہوئے اور لاہور کے شاہی قلعے کے عقوبت خانے میں بند کیے گئے، مگر جبر و تشدد اور قید و بند ان کے حوصلے کو پست نہ کر سکے۔
مرحوم حسین نقی صاحب کی جدوجہد کا تذکرہ ان کے قریبی رفقاء اور صحافتی ساتھیوں کے ذکر کے بغیر ادھورا ہے۔ آزادیِ صحافت کی اس کٹھن راہ میں جن نامور صحافیوں نے ان کے شانہ بشانہ جدوجہد کی، ان میں سینئر صحافی خاور نعیم ہاشمی صاحب سرفہرست ہیں، جن کے ساتھ حسین نقی صاحب کا گہرا فکری اور رفاقتی تعلق رہا۔ 1978ء کے مارشل لاء دور میں جب خاور نعیم ہاشمی، ناصر زیدی، مسعود اللہ خان اور اقبال جعفری نے آزادیِ اظہار کے لیے کوڑوں کی سزا پائی، تو حسین نقی صاحب ان ساتھیوں کی ہمت بندھانے اور تحریک کو منظم رکھنے والوں میں پیش پیش تھے۔ اس کے علاوہ منہاج برنا، نثار عثمانی، آئی اے رحمان، عاصمہ جہانگیر اور آئی ایچ راشد جیسے اکابرین کے ساتھ مل کر انہوں نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ)اور انسانی حقوق کمیشن پاکستان (HRCP)کے پلیٹ فارم سے ایک تاریخ رقم کی۔ لاہور پریس کلب سے حسین نقی صاحب کی وابستگی محض رکنیت تک محدود نہیں تھی بلکہ وہ پریس کلب کو صحافیوں کی فلاح و بہبود، جمہوری تربیت اور باہمی اتحاد کا مرکز بنانے والے معماروں میں شامل تھے۔ انہوں نے ہمیشہ اخبارات و میڈیا ہائوسز میں کام کرنے والے کارکنوں کے لیے ویج بورڈ ایوارڈ کے نفاذ، بروقت تنخواہوں کی ادائیگی، جبری برطرفیوں کے خاتمے اور صحافیوں کے معاشی تحفظ کے لیے بھرپور جدوجہد کی۔ لاہور پریس کلب کے لان اور ہالز میں ہونے والی ہر فلاحی و احتجاجی تحریک میں وہ صفِ اول میں کھڑے نظر آتے تھے۔ نوجوان صحافیوں کی پیشہ ورانہ تربیت کرنی ہو یا کسی بیمار و مستحق صحافی کی داد رسی کا معاملہ ہو، حسین نقی صاحب ہمیشہ ایک شفیق سرپرست کا کردار ادا کرتے تھے۔
انسانی حقوق کمیشن پاکستان (HRCP)کے خزانچی اور کونسل رکن کی حیثیت سے بھی انہوں نے محروم طبقات، اقلیتوں اور مظلوم شہریوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کی۔ وہ اختلافِ رائے کے حق کو تسلیم کرتے ہوئے شائستگی اور وقار کے ساتھ بات کرنی پر یقین رکھتے تھے، جس کی وجہ سے مخالفین بھی ان کی دیانت داری کا احترام کرتے تھے۔ حسین نقی صاحب کی رخصتی کے ساتھ ہی صحافت، ٹریڈ یونین ازم اور مزاحمت کی تاریخ کا ایک عہد تمام ہوا۔ آج جب صحافت کو مختلف چیلنجز، دبائو اور معاشی مسائل کا سامنا ہے، حسین نقی کی زندگی اور ان کے رفقاء کی قربانیاں ہمیں یہ درس دیتی ہیں کہ صحافی کی اصل طاقت اس کے قلم کی سچائی اور اس کا بیدار ضمیر ہے۔ ان کے انتقال پر سیاسی رہنماں، صحافیوں، وکلاء اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی جانب سے خراجِ تحسین پیش کرنے والوں کا تانتا بندھ گیا۔ انہوں نی حسین نقی کو آمریت کے خلاف ایک غیر متزلزل آواز اور عام لوگوں کے حقوق کے لیے زندگی بھر جدوجہد کرنے والے شخص کے طور پر یاد کیا۔ ایچ آر سی پی نے اپنے ایک بیان میں ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ایک تجربہ کار صحافی، ٹریڈ یونین رہنما اور انسانی حقوق کا محافظ قرار دیا۔ کمیشن کے مطابق، بار بار قید اور حکام کی جانب سے کی جانے والی انتقامی کارروائیوں کے باوجود، طاقتور حلقوں کے سامنے سچ بولنے کا ان کا عزم کبھی کمزور نہیں پڑا۔ اللّٰہ تعالیٰ مرحوم حسین نقی صاحب کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین و صحافتی برادری کو صبرِ جمیل دے، آمین۔





