ColumnTajamul Hussain Hashmi

مڈاں دے وگڑے

مڈاں دے وگڑے
تجمّل ہاشمی
مڈاں دے وگڑے کہاں سیدھے ہوں گے ، آج کل نظام کو ری سیٹ کرنے کی باتوں کا بڑا شور ہے ، نئے صوبے اور انتظامی یونٹ بنانے کے لئے روزانہ پریس کانفرنس کی جا رہی ہیں ۔ آج کئی سیاسی اور غیر سیاسی حضرات کو نیا کام مل گیا ہے کہ نظام کمزور ہو چکا ہے اور اسے ری سیٹ کی ضرورت ہے ۔ نظام کو ری سیٹ کرنے کی باتیں کرنے والے شاید یہ بھول رہے ہیں کہ نظام عمارتوں، قوانین اور اداروں کا نام نہیں بلکہ ان لوگوں کے مجموعے کا نام ہے جو اسے چلاتے، اس میں بستے ہیں۔ جب کردار نیت اور رویے ہی بگڑ جائیں تو محض نظام کی ری سیٹنگ یا صوبوں سے کیا حاصل ہوگا۔ نظام کو ری سیٹ کرنے کی ذمہ داری جن کے ذمہ ہے وہ اپنا کام بڑی ایمان داری سے انجام دے رہے ہیں، ان کو سیاسی جماعتوں کی طرف سے تنقید کا سامنا ہے۔ نان الیکٹڈ کا طعنہ بھی دیا جا رہا اور خبر دار بھی کیا جا رہا ہے ، ویسے نان الیکٹڈ سے الیکٹڈ تک کا سفر ہمارے ہاں کون سا کوئی مشکل مرحلہ ہے، اس وقت اسمبلی میں کئی ایسے چہرے موجود ہیں جنہوں نے کبھی علاقائی سطح پر کوئی الیکشن نہیں لڑا، اور نا ہی انہیں لڑنے کی ضرورت ہے، نچلی سطح کا الیکشن تو غریبوں کا کام ہے، ہمارے ہاں طاقتور تو فارم 47کی تبدیلی سے منتخب ہو جاتے ہیں۔ کئی شخصیات ہیں جنہوں نے کبھی کوئی الیکشن تک نہیں لڑا اور آج وہ وزیر اعلیٰ یا پھر اسمبلی میں بیٹھ کر فلسفہ جھاڑتے ہیں، ہمارے ہاں اگر ووٹ کی عزت ہوتی تو آج سسٹم کو ری سیٹ کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔ کیا وقت آگیا ہے کہ نظام کو ری سیٹ ہونا چاہئے۔ مجھے تو پنجابی کا جملہ یاد آ گیا ہے کہ ’’ مڈاں دے وگڑیاں ‘‘ نوں سیٹ کرنا آسان نہیں ، مجھے تو بظاہر یہی نظر آ رہا ہے کہ نظام کو ری سیٹ نہیں بلکہ ان جمہوریت پسندوں کی طاقت کو ری سیٹ کیا جا رہا ہے ۔ آپ اسے یوں بھی کہ سکتے ہیں کہ ان کی طاقت پر ضرب لگائی جا رہی ہے تاکہ فیصلہ سازی کی طاقت کسی کے پاس نہ رہے، مجھے پرانا واقعہ یاد آ گیا جب میں ایم بی اے کر رہا تھا، یونیورسٹی میں مختلف موضوعات پر ورکشاپس ہوتی رہتی تھیں، ایک دن انسانی رویوں پر ایک ورکشاپ کرائی گئی۔ مجھے یاد ہے میں نے اس وقت سوال کیا کہ یہاں بیٹھے ہوئے افراد کی عمریں30سال سے زیادہ ہیں، کیا ان حضرت کے رویوں میں تبدیلی آ سکے گی۔ خراب ملکی معاشی صورتحال میں انسان خود کو کیسے بدل سکے گا، جہاں ہر چوک پر ڈاکو کھڑے ہوں، سرکاری دفتروں میں بندے بکتے ہوں، تھانے نیلام ہوتے ہوں، جہاں حکومت سے زیادہ سسٹم طاقتور ہو۔ جسے ووٹ سے منتخب کریں وہی آپ کے حقوق پر ڈاکا ڈالے تو پیچھے کیا رہ جائے گا، ایسے حالات میں انسانی رویے کیسے بہتر ہو سکیں گے ؟۔ میرے سوالات سے پورے آڈیٹوریم کا ماحول تبدیل ہو گیا، بہرحال میرے سوال اکثر ماحول کی خرابی کا باعث بنتے رہے، جس کی وجہ سے کئی بار کلاس سے باہر نکال دیا جاتا تھا، یہ واقعہ بیان کرنے کا مقصد انتہائی سادہ ہے کہ ہمارے رویے اتنے خراب ہو چکے ہیں اب ان میں بہتری کی گنجائش بہت کم رہ گئی ہے ، اب جبکہ آوازیں ہیں کہ صوبے بنیں گے اور نظام کو ری سیٹ کیا جائے گا، صوبوں کے بعد کے خدشات کے حقیقت ہونے کا زیادہ خوف ہے۔ اگر نئے صوبوں کے قیام کے بعد بھی فارم 47سامنے آتا رہا، الیکشن کمیشن آزاد نہ ہوا۔ اسمبلیوں میں تاجر بھرتی ہوتے رہے تو پھر نظام کی ری سیٹنگ یا نئے صوبوں سے کیا حاصل ہو گا، نظام کی ری سیٹنگ کا بنیادی مقصد تو قانون کی بحالی، عوامی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانا اور عوامی حقوق کی بحالی ہے لیکن مجھے یہ بحالی نظر نہیں آ رہی، کیوں کہ نئے صوبوں کے حوالے سے دبائو کا سامنا ایک سیاسی جماعت کو کرنا پڑے گا، جس کا نام پیپلز پارٹی ہے۔ پیپلز پارٹی سندھ کی تقسیم پر رضا مند نہیں ہو گی۔ اس فیصلے کے بعد ملکی سیاسی صورت حال یکسر تبدیل ہو جائے گی۔ بلاول بھٹو زرداری بھی خون کی ندیوں کا اعلان کر چکے۔ اب سیاسی حالات مزید الجھ جائیں گے۔ عام آدمی کے لئے کوئی اچھی خبر نہیں ہو گی، گزشتہ 60سال سے ملکی خزانے پر ہاتھ صاف ہوتے رہے، عوام بنیادی سہولتوں سے محروم رہے، دہشتگردی اور گولیوں کا سامنا کرتے رہے، بھوکے پیاسے رہے، خون مانگنے والے پروٹوکول اور حکومتوں کے مزے کرتے رہے۔ سیاسی لیڈروں نے دماغ بنا لیا ہے کہ تین سال مقدمات اور جیلوں میں رہیں اور آگے تین سال حکومت میں رہیں، ان کو عوامی دبائو کی بھی فکر نہیں رہی ۔ اب شاید انہیں جیل جانے کا بھی کوئی خوف نہ رہے ۔ 79سال بعد بھی انہیں اپنے اقتدار کے لئے عوام کے خون کی ندیا ں چاہئیں۔ پاکستان کے قیام کی بنیاد اسلامی ہے، ہمارے پاس خوب صورت نظام قرآن پاک موجود ہے، اور ہم نظام کو ری سیٹ کرنے کے چکر میں پڑے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ جب ہمارے پاس عدل و انصاف کے واضح اصول موجود ہیں تو ہم ان اصولوں کو عملی زندگی میں نافذ کرنے کے بجائے صرف نظام کی تبدیلی کے نعروں تک کیوں محدود ہیں۔ ہمت کریں ملک میں اسلامی نظام نفاذ کریں، تاکہ عوامی حقوق کا تحفظ ہو سکے، اور اقتدار سے قبضہ ختم ہو سکے۔ ملکی بیماریوں سے نجات صرف قانون کو عملی داری اور ووٹ کے تقدس میں ہے، لیکن ووٹ کا تقدس آگے سالوں تک بھی نظر نہیں آ رہا۔

جواب دیں

Back to top button