فوری جنگ ٹل گئی!!

فوری جنگ ٹل گئی!!
تحریر : محمد مبشر انوار(ریاض)
مشرق وسطیٰ کے حالات مسلسل غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہیںگو کہ اسرائیل میں انتخابی عمل کے نتیجہ میں نیتن یاہو کا دھڑن تختہ ہو چکا ہے لیکن اس کے باوجود ،بگ تھری ملاقات سے قبل تک فوری جنگ کے خطرات موجود تھے کہ ایک طرف امریکہ کی فوجی تیاریاں بھرپور طریقے سے جاری تھی اور دوسری طرف ایران بھی کسی صورت اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹنے کے لئے تیار دکھائی نہیں دے رہا۔امریکہ اپنے دو طیارہ بردار بحری جہازوں کا نقصان اٹھا چکا ہے اور اس کا ایک بحری جہاز واپس امریکہ پہنچ چکا ہے جبکہ دوسرا بغرض مرمت یونان میں موجود ہے اس کے باوجود امریکہ نے اپنا ایک اور طیارہ بردار بحری جہاز مشرق وسطیٰ میں تعینات کردیا ہے۔ اس نئے تھیوڈور روزویلیٹ جہاز کے متعلق کہا جاتا ہے کہ یہ ایٹمی ہتھیاروں سے بھی لیس ہے اور مسلسل متحرک رہتا ہے کہ ایٹمی وار ہیڈز رکھنے والے جہاز کو متحرک رکھا جاتا ہے تا کہ اس پر حملہ کرنا آسان نہ ہو تاہم اس کے باوجود ایران بھی اپنے دفاع اور ممکنہ خطرات سے غافل دکھائی نہیں دیتا ۔ ایران نے روزویلیٹ جہاز کو نشانہ بنانے کے لئے اپنا نیا میزائل بھی دنیا کے سامنے رکھ دیا ہے اس نئے میزائل کی خصوصیات ایسی ہیں کہ یہ میزائل متحرک ہدف کو بھی ٹھیک ٹھیک نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے،اس نئے میزائل ’’ قاسم بصیر‘‘ کے متعلق یہ کہا جارہا ہے کہ اس کی رفتار گو کہ مارک ون ہے لیکن جیسے ہی یہ فضا میں قوس بنا کر واپس اپنے ہدف کی جانب پلٹتا ہے تو اس کی رفتار پانچ گنا بڑھ جاتی ہے ۔ اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کے لئے اسے کسی نیوی گیشن کی بھی ضرورت نہیں رہتی اور سب سے اہم اور خاص بات یہ ہے کہ اپنے متحرک ہدف کا بھی درست نشانہ بنالیتا ہے،یوں اگر امریکہ نے ایران کے سامنے ایٹمی وار ہیڈز سے لیس تھیوڈور لانے کی ہمت کی ہے تو ایران نے واضح جواب دے دیا ہے کہ ایران کے پاس ایسی صلاحیت بھی موجود ہے جو اس متحرک ہدف کو بھی نشانہ بنا سکتی ہے۔ تاحال یہ سب دعوے ہی ہیں کہ ابھی تک قاسم بصیر کا ٹیسٹ میدان میں نہیں ہوا لیکن اگر امریکہ نے کوئی مہم جوئی کی تو اس کا جواب ایران قاسم بصیر سے دے کر ،اپنے اس میزائل کو ٹیسٹ بھی بخوبی کر لے گا جبکہ دوسری طرف امریکہ نے ایران پر جارحیت مسلط کرکے ،ایران کو یہ موقع بخوبی فراہم کیا ہے کہ ایران اپنے تمام ہتھیاروں کو میدان جنگ میں نہ صرف ٹیسٹ کر لے بلکہ اس سے امریکہ کا غرور میں مٹی میں ملا دے۔اب تک کی جنگ میں ،ایران نی یہ دونوں کام انتہائی کامیابی سے کئے ہیں کہ ایک طرف تو اپنے ہتھیاروں کو استعمال اس قدر خوبی سے کیا ہے کہ امریکہ جسے اپنی ٹیکنالوجی پر بہت زیادہ مان تھا،غرور تھا،اس کی ناک رگڑوا دی ہے کہ ایرانی فضائیں امریکی فضائیہ کا قبرستان بن چکی ہیں۔ کیا جنگی طیارے،کیا ڈرون،کیا ہیلی کاپٹرز اور کیا لاجسٹک طیارے،سب کے سب ایرانی فضاؤں میں تباہ ہو چکے ہیں اسی پر کیا موقوف حد تو یہ ہے کہ امریکہ کے جدید ترین MQM۔170۔Cڈرون طیاروں کے حوالے سے کہا جارہا ہے کہ ایران نے تین ڈرون فضا میں تباہ کئے ہیں جبکہ چار ڈرون طیاروں کو ہیک کرکے؍ سسٹم جام کرکے ،بحفاظت ایران میں اتار لئے ہیں،ان ڈرون کا یوں بحفاظت ایران کی سرزمین پر اتر جانا،ایران کی بہت بڑی کامیابی تصور کی جارہی ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ ایران اس سے ریورس انجینئرنگ کرکے ،اس ٹیکنالوجی کا توڑ،جو پہلے ہی ایران ثابت کر چکا ہے،بھی تیار کرلے گا اور اس سے بہتر ٹیکنالوجی کے ساتھ مزید ڈرون بھی تیار کرلے گا۔ اس جنگ میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق امریکہ قریبا 48ارب ڈالرز اس جھونک چکا ہے اور اب تک امریکہ کو خاطر خواہ کامیابی کا دعوی نہیں کر سکا بلکہ جنگ بندی کے لئے بھی امریکہ کو بہرحال پاکستان کا کندھا استعمال کرنا پڑا تھا ،جب امریکہ کی جانب سے دئیے گئے جنگ بندی کے پیغام کو وزیر اعظم شہباز شریف نے جوں کا توں اپنے ایکس پیغام پر شیئر کر دیا تھا ،جو بعد ازاں درست کیا گیا تھا،اور امریکہ نے فوری جنگ بندی کی پاکستانی درخواست کو قبول کرکے جنگ بندی کردی تھی۔
بہرحال تب توقع تھی کہ معاملات پر ہوش سے کام لیتے ہوئے ،فریقین حالات کے عین مطابق ،خطے میں امن کے لئے ہاتھ ملا لیں گے اور جنگ کو مستقل طور پر بند کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے،پاکستان نے اپنی ذمہ داری انتہائی خوش اسلوبی سے نبھائی اور فریقین کے درمیان معاہدہ کروانے میں بھی کامیاب ہو گیا مگر بدقسمتی سے امریکہ اپنی نیت نیتی ثابت کرنے میں ناکام رہا یا اسے نیک نیت رہنے نہیں دیا گیا اور کچھ عرصہ کے بعد یہ جنگ پھر شروع ہو گئی۔ امریکہ کا خیال تھا کہ ممکنہ طور پر جنگ بندی کے بعد،ایران غافل ہو چکا ہو گا مگر ایران ،امریکی رویوں سے نہ صرف بخوبی واقف ہے بلکہ متعدد بار اس کا ڈسا ہوابھی ہے،لہذا ایران کی جانب سے کسی بھی قسم کی غفلت نہیں دکھائی گئی اور ہر امریکی حملے کا جواب ایران نے زیادہ طاقت سے دیا اور امریکہ کا نقصان بھی کہیں زیادہ ہوا۔اس جنگ میں ایک بات بالکل واضح ہوگئی کہ نہ صرف امریکی و اسرائیلی منصوبے بری طرح ناکام ہوئے بلکہ اس جنگ کا سارا خرچ بھی امریکہ کے خزانے پر پڑا ہے جبکہ مشرق وسطیٰ کو جنگ کے شعلوں میں دھکیلنے کا منصوبہ ہی ناکام نہیں ہوا بلکہ امریکہ کو مشرق وسطی میں اپنے فوجی اڈے بچانا بھی مشکل ہو چکے ہیں اور اب صورتحال یہ ہے کہ امریکہ جو مشرق وسطیٰ کی حفاظت کا دعویدار تھا،یہاں موجود اپنے اڈے رکھنے کے قابل بھی نہیں رہا اور جو پنجے امریکہ نے مشرق وسطی میں گاڑ ھ رکھے تھے،ان کے اکھڑنے کا وقت آن پہنچا ہے۔مشرق وسطی کی تقریبا تمام ریاستوں کو یہ احساس ہو چکا ہے کہ امریکہ تن تنہا ان ریاستوں میں جب اپنے فوجی اڈوں کی حفاظت نہیں کر پایا تو ان ریاستوں کی حفاظت کیسے اور کیونکر کر پائے گا؟ یہ حقیقت بری طرح آشکار ہو چکی ہے کہ امریکہ نے فقط ایک ہوا کھڑا کرکے،ان ریاستوں پر آکاس بیل کر مانند چمٹا ہوا تھا جبکہ عملا امریکہ کی خدمات صفر ثایت ہوئی ہیں۔ نیتن یاہو کی بھرپور کوششوں کے باوجود بہرحال امریکہ نے انتخابات سے قبل حملوں میں جلد بازی سے گریز ہی کیا جوممکنہ طور پر امریکی وسط مدتی انتخابات سے قبل ہی مختلف سرویز میں صدر ٹرمپ کی تاریخ کی کم ترین مقبولیت کے باعث ہوا تو دوسری طرف نیتن یاہو کی جنگی حالات کے باعث اقتدار میں رہنے کی خواہش کو پورا نہ کیا جا سکا وگرنہ یہ ممکن تھا کہ صدر ٹرمپ نیتن یاہو کو اقتدار میں رکھنے کے لئے ایران پر کوئی بڑا حملہ کر دیتے۔ بہرحال اس وقت اسرائیل کی صورتحال بھی انتہائی دلچسپ ہے کہ گادی آئزنکوٹ کو صدر آئزن حکومت بنانے کی دعوت دے چکے ہیں گو کہ آئزنکوٹ کے حوالے سے بھی کسی خوش گمانی کی امید قطعا نہیں لیکن فوری طور پر جنگی صورتحال کو جاری رکھنا بھی ممکن نہیں ہوگااور جب تک آئزنکوٹ اپنی حکومت سازی تشکیل نہیں دے لیتے،جنگی صورتحال میں جمود کا امکان موجود ہے۔ علاوہ ازیں! اس ساری صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے،تین بڑے سربراہان کی براہ راست ملاقات بھی ہوئی ہے اور اس میں جو باتیں سامنے آئی ہیں،ان میں سب سے اہم بات یہی ہے کہ تینوں سربراہان نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ ایٹمی جنگ کبھی جیتی نہیں جا سکتی اس لئے اسے کبھی لڑنانہیں چاہے،جوہری خطرات کم کرنے اور جوہری ہتھیاروں کے پھیلائوکو روکنے کے لئے مکالمہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
اس ایک نکتے سے کم ازکم فی الوقت یہ گمان کیا جا سکتا ہے کہ امریکی محدود ایٹمی حملے کا امکان کم ہو گیا ہے ،جس کے متعلق مسلسل یہ کہا جارہا تھا کہ امریکہ اپنی کامیابی کے لئے محدود ایٹمی حملے کی طرف جا سکتا ہے،اور امریکہ سے اس کی بعید بھی تھی کہ وہ ماضی میں بھی ایسا کر چکا ہے۔ اعلامئے کے اس نکتے کے باوجود ایرانی ترجمان وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے امریکہ کی جانب سے عائد کردہ کیمیکل اور بائیو لوجیکل ہتھیاروں کی تیاری کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ نئے الزامات ضرور ہیں مگر ان کے پیچھے بیانیہ وہی پرانا ہے جبکہ صدر ٹرمپ نے چین سے واپسی پر ایک ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے معاملات پر نئے سال کے آغاز پر حالات کو دیکھتے ہوئے کوئی فیصلہ کیا جائیگا یعنی نئے سال کے شروع تک ایران پر فوری حملے کا کوئی امکان نہیں ہے تو دوسری طرف ویب سائٹ کی جانب سے یہ تجزیہ بھی دیا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ کا ذہن کس وقت حملے کے حوالے سے بدل جائے ،کہا نہیں جا سکتا اور اگر صدر ٹرمپ کا حملے کا ارادہ ہوا تو ضروری نہیں وہ اس کا اظہار بھی کریں۔ علاوہ ازیں !امریکی سینیٹ میں صدرٹرمپ کو ایران پر حملے سے روکنے کی قرارداد ،گو کہ تین ری پبلکن کی حمایت حاصل ہونے کے باوجود،مستر د کر دی گئی ہے اور صدر ٹرمپ کے اختیارات پر قدغن لگانے میں ڈیموکریٹس ناکام ہو گئے ہیں لہذا ایک طرف ویب سائٹ کے خدشات کو سامنے رکھیں تو صدر ٹرمپ کسی بھی وقت حملہ کر سکتے ہیں اور اگر صدر ٹرمپ کے الفاظ کو سامنے رکھیں تو محسوس ہوتا ہے کہ ایران کے خلاف فوری جنگ کا خطرہ ٹل گیا ہے۔







