آئین، ایوان اور سنجیدہ مکالمے کی ضرورت

آئین، ایوان اور سنجیدہ مکالمے کی ضرورت
حروف بے زباں
مرزا رضوان
ملک میں جب بھی نئے صوبوں کے قیام یا ریفرنڈم جیسے بنیادی سوالات اٹھتے ہیں تو بحث کا رخ فوری طور پر جذبات، الزام تراشی اور سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی طرف مڑ جاتا ہے۔ حال ہی میں اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ان معاملات پر جو دو ٹوک، متوازن اور آئینی نقطہ نظر پیش کیا ہے، وہ موجودہ سیاسی ماحول میں ایک سنجیدہ اور ذمہ دارانہ آواز کے طور پر سامنے آیا ہے۔ ان کی گفتگو کا لب لباب یہ ہے کہ نئے صوبوں کا قیام ہو یا ریفرنڈم کا سوال، یہ محض وقتی نعرے یا جذباتی بیانات کا موضوع نہیں بلکہ خالصتاً ایک آئینی معاملہ ہے، جس کا اصل فورم پارلیمان اور صوبائی اسمبلیاں ہیں۔
بدقسمتی سے آج ہماری قانون ساز اسمبلیوں کا منظرنامہ اس سنجیدگی سے کوسوں دور دکھائی دیتا ہے۔ آئے روز ایوانوں میں ہلڑ بازی، شور شرابے اور ہنگاموں کی خبریں تو سرخیوں کی زینت بنتی ہیں، مگر گہرے آئینی اور عوامی مسائل پر ٹھنڈے دل سے بحث کے لیے وقت کم ہی نکل پاتا ہے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے اسی تلخ حقیقت کی جانب توجہ دلائی ہے کہ اسمبلیوں کا بنیادی کام قانون سازی، پالیسی سازی اور آئینی امور پر بامعنی مکالمہ کرنا ہے۔ جب منتخب ایوان اپنی اصل ذمہ داری سے ہٹ کر محض ہنگامہ آرائی کا مرکز بن جائیں تو خلا پیدا ہوتا ہے، اور یہی وجہ ہے کہ آج یونیورسٹیاں اور تعلیمی ادارے ان اہم قومی اور آئینی موضوعات پر مباحثے اور ڈیبیٹس کروا رہے ہیں۔ ایک طرف یہ خوش آئند بات ہے کہ نوجوان نسل اور تعلیمی ادارے سنجیدہ سوالات پر سوچ رہے ہیں، لیکن دوسری طرف یہ لمحہ فکریہ بھی ہے کہ جو کام ایوانوں میں وقار اور دلیل کے ساتھ ہونا چاہیے، وہ باہر کے فورمز پر منتقل ہو رہا ہے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کی گفتگو کی ایک نمایاں خوبی ان کا تاریخی اور آئینی شعور ہے۔ انہوں نے نہایت صاف گوئی سے یہ تسلیم کیا کہ آئین کے خالق شہید ذوالفقار علی بھٹو اور پیپلز پارٹی ہیں، اور ساتھ ہی ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کے قتل کو انتہائی افسوسناک سانحات قرار دیا۔ یہ رویہ سیاسی بلوغت اور تاریخ کے احترام کی علامت ہے، جہاں اختلافِ رائے کے باوجود حقائق اور سانحات کو تسلیم کیا جاتا ہے۔ سیاسی مباحثوں میں جب اس طرح کی کشادہ دلی اور تاریخی انصاف پسندی نظر آتی ہے تو مکالمے کا معیار خود بخود بلند ہو جاتا ہے۔
آئینی بحث کو آگے بڑھاتے ہوئے انہوں نے ایک نہایت اہم قانونی اور آئینی نکتہ اٹھایا کہ آئین کے اندر آرٹیکل 48غیر آئینی کیسے ہو گیا؟ یہ سوال محض ایک جملہ نہیں بلکہ آئینی ڈھانچے، اختیارات کے توازن اور دستوری تشریح سے جڑا ایک سنجیدہ استفسار ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئین خود ریفرنڈم کی گنجائش اور اجازت دیتا ہے، اور انہوں نی جو بات کی ہے وہ آئین کی روشنی میں کی ہے، نہ کہ یہ مطالبہ کیا کہ فلاں وقت یا طریقے سے ریفرنڈم کرا دیا جائے۔ اس وضاحت کے ساتھ انہوں نے بلاول بھٹو کے موقف پر بھی کھل کر رائے دی کہ انہوں نے اس معاملے پر بات ٹھیک نہیں کی۔ یوں انہوں نے ایک حساس آئینی نقطے کو جذبات کے بجائے آئینی متن اور قانونی منطق کے دائرے میں رکھنے کی کوشش کی۔
اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے صوبائی سطح پر عوامی خدمت اور انتظامی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ’’ ستھرا پنجاب‘‘ منصوبے کو سراہا اور اسے ایک اچھا اقدام قرار دیتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔ شہروں اور قصبوں کی صفائی، کوڑا کرکٹ کے نظام کی بہتری اور شہری ماحول کو صاف ستھرا رکھنا براہِ راست عام آدمی کی روزمرہ زندگی سے جڑا معاملہ ہے۔ جب ایوان کی قیادت آئینی مباحث کے ساتھ ساتھ عوامی فلاح کے عملی منصوبوں کی حوصلہ افزائی کرتی ہے تو یہ پیغام جاتا ہے کہ سیاست کا مقصد صرف بیان بازی نہیں بلکہ عوام کو سہولت پہنچانا بھی ہے۔
آج ضرورت اس امر کی ہے کہ نئے صوبوں، ریفرنڈم اور آئینی ترامیم یا شقوں پر بات ہو تو شور کے بجائے دلیل کو سنا جائے۔ اسمبلیاں اگر واقعی اپنے آئینی کردار کو مثر بنانا چاہتی ہیں تو وہاں سنجیدہ مباحثے، قانون سازی اور باہمی احترام کی فضا پیدا کرنا ہوگی۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی یہ گفتگو اس جانب ایک واضح اشارہ ہے کہ آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے، تاریخ کا احترام کرتے ہوئے اور عوامی فلاح کے اچھے کاموں کو سراہتے ہوئے ہی ایک مضبوط اور سنجیدہ جمہوری روایت آگے بڑھ سکتی ہے۔





