سندھ میں نئے صوبے کے قیام پر بلاول کی تشویش یا دھمکی؟

سندھ میں نئے صوبے کے قیام پر بلاول کی تشویش یا دھمکی؟
تحریر: شاہد غزالی
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ روز کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر سندھ میں نیا صوبہ بنایا گیا تو کراچی میں بہت خون بہے گا۔ ان کے اس بیان نے عوامی، سیاسی اور مقتدر حلقوں میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ پیپلز پارٹی اور اس کے حامیوں نے اس بیان کو سندھ کے اتحاد اور سالمیت کے تحفظ کے عزم سے تعبیر کیا، جبکہ ناقدین اسے حکومت اور مقتدرہ کے لیے ایک سخت پیغام اور ممکنہ طور پر دھمکی قرار دے رہے ہیں۔
بلاول بھٹو نے صرف نئے صوبے کے معاملے پر ہی بات نہیں کی بلکہ ماضی کی متعدد سیاسی غلطیوں کا اعتراف بھی کیا۔ انہوں نے آئینی ترامیم کی حمایت، عمران خان کی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد اور فارم 47کے ذریعے حکومت سازی کے معاملات میں اپنی جماعت کے کردار پر بھی سوالات اٹھائے۔ انہوں نے عمران خان کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا ذکر کیا اور مولانا فضل الرحمان کے خلاف مبینہ انتقامی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے حکومت کو اپنا قبلہ درست کرنے کا مشورہ بھی دیا۔
ان کے خطاب سے یہ تاثر ملا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت موجودہ سیاسی حالات میں دبا محسوس کر رہی ہے۔ تاہم سوال یہ ہے کہ اگر بلاول بھٹو ماضی کی غلطیوں کا اعتراف کر رہے ہیں تو کیا وہ حکومت کی حمایت جاری رکھنے کے اپنے سیاسی فیصلے پر بھی نظرثانی کریں گے؟ انہوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ تو بنایا، لیکن یہ واضح اعلان نہیں کیا کہ پیپلز پارٹی اب حکومتی اتحاد کا حصہ نہیں رہے گی۔نئے صوبے کے قیام پر ان کا یہ کہنا کہ کراچی میں خون بہے گا، یقیناً ایک غیر معمولی اور تشویش ناک بیان ہے۔ جمہوری سیاست میں کسی بھی آئینی یا سیاسی تجویز کی مخالفت کا حق ہر جماعت کو حاصل ہے، لیکن کسی ممکنہ آئینی فیصلے کے نتیجے میں خونریزی کی پیش گوئی کرنا سیاسی ماحول میں خوف اور بے یقینی پیدا کر سکتا ہے۔
مزید حیرت انگیز بات ان کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ سے متعلق بیان تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی دبا یا زبردستی کے ذریعے ان کی رضامندی ظاہر بھی کرائی گئی تو اسے تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ اس بیان سے یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا وہ کسی ایسے دبائو کا خدشہ ظاہر کر رہے ہیں جس کا سامنا ماضی میں بعض سیاسی شخصیات کو کرنا پڑا؟ یا وہ اپنے ووٹرز کو یہ یقین دلانا چاہتے ہیں کہ سندھ کی تقسیم کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا؟۔
یہاں بنیادی سوال یہ ہے کہ پاکستان کا آئین اس معاملے میں کیا کہتا ہے؟ آئین کے آرٹیکل 239کے تحت صوبے کی حدود میں تبدیلی یا نئے صوبے کے قیام کے لیے واضح پارلیمانی اور صوبائی طریقہ کار موجود ہے۔ اس کے مطابق متعلقہ صوبائی اسمبلی کی کل رکنیت کے کم از کم دو تہائی ارکان کی منظوری ضروری ہے، جبکہ آئینی ترمیم کے لیے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں بھی دو تہائی اکثریت درکار ہوتی ہے۔ اس لیے نئے صوبے کا قیام کسی ایک جماعت، حکومت یا شخصیت کی خواہش سے ممکن نہیں بلکہ اس کے لیے آئینی تقاضے پورے کرنا لازم ہیں۔
سندھ کی تقسیم کا معاملہ محض سیاسی نعرے بازی کا موضوع نہیں۔ یہ لاکھوں شہریوں کے جذبات، تاریخی شناخت، انتظامی ضروریات اور صوبے کے مستقبل سے جڑا ہوا مسئلہ ہے۔ کسی بھی نئی انتظامی اکائی کی تجویز پر بحث اور اختلاف جمہوری حق ہے، لیکن خونریزی کی باتیں اور دبائو کی سیاست کسی مسئلے کا حل نہیں۔
آخر میں اصل سوال یہی ہے کہ کیا آئین صرف اس وقت قابل قبول ہے جب اس سے سیاسی مفادات پورے ہوں؟ کیا آئینی اختیارات کا استعمال اپنی جماعت کے لیے درست اور دوسروں کے لیے غلط قرار دیا جا سکتا ہے؟ بلاول بھٹو کو سندھ کے عوام کو یہ یقین دلانا ہوگا کہ ان کا موقف محض سیاسی دبائو کا ردعمل نہیں بلکہ ایک مستقل اصولی موقف ہے۔ سندھ کے عوام کو دھمکیوں، خوف اور سیاسی نعروں کے بجائے امن، جمہوریت اور آئین کی بالادستی کی ضمانت چاہیے۔





