ColumnRoshan Lal

یہ ملک کیسے ٹوٹا تھا؟

یہ ملک کیسے ٹوٹا تھا؟
روشن لعل
آج کل وطن عزیز میں وفاق پاکستان کی اکائیوں کو کئی حصوں میں توڑنے کا منصوبہ تقریباً ہر مکتبہ فکر کے لوگوں میں زیر بحث ہے۔ یہ بات کوئی راز نہیں کہ وفاق پاکستان کی اکائیوں کو توڑنے کے منصوبے کی نقاب کشائی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کی۔ صوبے توڑنے کے منصوبے پر جو کچھ کہا جارہا ہے اسے سن کر ذہن میں ملک ٹوٹنے کے ناقابل فراموش سانحے کا خیال آنے کے ساتھ ہماری تاریخ کے وہ سیاہ ابواب بھی یاد آگئے جن سے کچھ سیکھنے کی بجائے ، ایسے لگ رہا ہے جیسے آئندہ کی تاریخ ماضی کے مقابلے میں زیادہ المناک بنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ ہماری تاریخ کے سیاہ ابواب میں ایک باب اگرتلہ سازش کیس کا بھی ہے ۔ قیام پاکستان کے فوراً بعد ملک کے مشرقی حصے کے بنگالی عوام نے ، حکمران اشرافیہ کے امتیازی سلوک کے خلاف جس جدوجہد کا آغاز کیا ، اس کا ملک کے مغربی حصے میں اس وقت تو مذاق اڑایا گیا تھا لیکن آج کا غیر جانبدار مورخ اسے جائز قرار دیتا ہے۔ بنگالیوں کی جس جدوجہد کو آج کا مورخ جائز قرار دے رہا ہے ، اس میں کیے گئے مطالبات ماننے کی بجائے، انہیں سامنے لانے والوں کو اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرتے ہوئے دبانے کی کوششیں کی گئیں۔ ایسی کوششوں کے تسلسل میں اگرتلہ سازش کیس کا مقدمہ سامنے آیا۔ ایوب خان کی حکومت نے 1968ء میں شیخ مجیب الرحمٰن سمیت کئی سابقہ و حاضر سروس بنگالی فوجی اہلکاروں اور کچھ بنگالی سول افسران پر الزام عائد کیا کہ سب مشرقی پاکستان کو وفاق پاکستان سے علیحدہ کرنے کی ایسی سازش میں ملوث ہیں جو بھارتی شہر اگرتلہ میں تیار کی گئی تھی۔ جنرل ایوب خان کی وزارت داخلہ نے 6جنوری 1968ء کو ایک پریس نوٹ کے ذریعے اعلان کیا حکومت نے دسمبر 1967ء میں ایک ایسی سازش کا کھوج لگا یا جو قومی مفاد کو نقصان پہنچانے کے لیے تیار کی گئی تھی۔ اس پریس نوٹ میں مبینہ سازش میں ملوث کئی ملزمان کی گرفتاری کا بھی ذکر تھا۔ اس سلسلے میں بعد ازاں ایک نیا ڈیکلریشن سامنے آیا جس میں شیخ مجیب الرحمٰن کو اس سازش کا مرکزی کردار اور ملزم ظاہر کیا گیا ۔ واضح رہے کہ اگرتلہ سازش کیس کے سلسلے میں جو پہلا سرکاری پریس نوٹ جاری ہوا اس میں شیخ مجیب کے ملوث ہونے کا کوئی ذکر نہیں تھا۔ مجیب الرحمٰن اپنے چھ نکات پیش کرنے کی وجہ سے ڈیفنس آف پاکستان رولز کے تحت 6مئی 1966ء سے حکومت کی قید میں تھا۔ یاد رہے کہ شیخ مجیب الرحمٰن نے اپنے چھ نکات کے جواز میں بنگالیوں کے سامنے کچھ ایسے اعدادو شمار پیش کیے جن میں ظاہر کیا گیا تھا کہ 1950ء کے بعد ہر پانچ سال کے دوران مشرقی پاکستان نے قومی خزانے میں مغربی پاکستان کے مقابلے میں حصہ تو کئی گنا زیادہ ڈالا مگر اس کی پسماندگی اور مسائل کو دور کرنے کے لیے اس پر ضرورت سے کم خرچ کر کے ناانصافی کی گئی۔ اس کے ساتھ ہی مجیب نے ایوب انتظامیہ کے تحت منعقدہ 1962ء کے قومی اسمبلی اور 1965 ء کے صدارتی الیکشن کو بھی ہدف تنقید بناتے ہوئے نشاندہی کی کہ ان انتخابات میں بد ترین دھاندلی کرتے ہوئے بنگالیوں کے حق رائے دہی کی توہین کی گئی تھی۔ شیخ مجیب کے چھ نکات سے صاف ظاہر تھا کہ اگر ان کا نفاذ ہو گیا تو مشرقی پاکستان عملی طور پر ملک سے علیحدہ ہو جائے گا اور پاکستان کی حیثیت محض ایک رسمی وفاق کی سی رہ جائے گی۔ گو کہ مجیب کے چھ نکات کو مشرقی پاکستان کے خاتمے اور بنگلہ دیش کے قیام کی بنیاد کہا جاتا ہے مگر یاد رہے کہ اس کے چھ نکات پیش کیے جانے سے بہت پہلے، سابقہ مشرقی پاکستان کے سیاستدان، 1954ء میں ایسے 21نکات پیش کر چکے تھے جن میں 1940ء کی قرارداد لاہور کے مطابق بنگال کی صوبائی خود مختاری کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ 1954ء کے 21نکات نظر انداز ہوتے ہوئے، جب معاملہ مجیب کے متنازعہ نکات تک پہنچ گیا تو ایوب خان نے بنگالیوں کے چھ نکات کو جنم دینے والے تحفظات ختم کرنے کی بجائے ان پر ایسی پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کیا کہ جن کے ذریعے اس کی مبینہ باغیانہ سوچ اور عمل پر زیادہ سے زیادہ پہرے لگائے جا سکیں۔ مجیب کی گرفتاری اور پھر اس کا اگرتلہ سازش کیس میں ملوث کیا جانا ایوب کے ایسے فیصلوں کا عملی مظاہرہ تھا۔
اگرتلہ سازش کیس کی سماعت کے لیے تین رکنی خصوصی ٹربیونل بنایا گیاجس کے سربراہ ایک پنجابی جج جسٹس ایس اے رحمان اور دیگر دو رکن بنگالی جج تھے۔ اس کیس پر کاروائی کا آغاز 19جون1968ء کو ہوا۔ استغاثہ نے اس مقدمہ میں نامزد 35ملزموں کے خلاف 227گواہوں کی فہرست پیش کی جس میں 11وعدہ معاف گواہ بھی تھے۔ وعدہ معاف گواہوں میں سے 4گواہوں نے تو عدالت میں پیش ہونے سے ہی انکار کر دیا جبکہ کچھ وعدہ معاف گواہوں نے عدالت میں یہ موقف اختیار کیا کہ انہیں زور زبردستی سے وعدہ معاف گواہ بننے پر مجبور کیا گیا ہے۔ وعدہ معاف گواہوں کے ٹربیونل کے سامنے اس طرح کے بیانات کے بعد جب استغاثہ کا کھوکھلا پن آشکار ہوا تو اس کے رد عمل میں مشرقی پاکستان کے عوام میں شدید غصے کی لہر دوڑ گئی اور ہر چھوٹے بڑے شہر میں لوگ احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے۔ اسی دوران اگرتلہ سازش کیس کے ایک ملزم اور فضائیہ کے سابق سارجنٹ ظہور الحق کی جیل میں گولی سے ہلاکت کا واقعہ رونما ہوا جس سے احتجاج کی آگ مزید بڑھک اٹھی۔ اس موقع پر مظاہرین نے اس ریسٹ ہائوس کو آگ لگا دی جس میں جسٹس ایس اے رحمان کو ٹھہرایا گیا تھا۔ آگ لگنے کی واقعہ کے بعد جسٹس ایس اے رحمان کو فوری طور پر مشرقی پاکستان سے مغربی پاکستان روانہ ہونا پڑا۔ اس دوران ایوب خان کے خلاف مغربی پاکستان میں بھی مظاہرے زور پکڑ چکے تھے۔ ملک کے دونوں حصوں میں جاری مظاہروں کے سامنے بے بس ایوب خان نے مختلف سیاسی جماعتوں کے اتحاد ڈیموکریٹک ایکشن کمیٹی کے سربراہ نوابزادہ نصراللہ خان کو گول میز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ شیخ مجیب کی عوامی لیگ بھی کیونکہ ڈیموکریٹک ایکشن کمیٹی کا حصہ تھی اس لیے نوابزادہ نصراللہ نے مجیب کی رہائی کی شرط پر گول میز کانفرنس میں شرکت پر آمادگی کا اظہار کیا۔ گول میز کانفرنس ، اقتدار کے تحفظ کے لیے ایوب خان آخری امید تھی۔ یوں ایوب خان نے اپنے اقتدار کے تحفظ کی خاطر 22فروری 1969ء کو شیخ مجیب اور اس کے ساتھی ملزمان کی رہائی کا اعلان کرتے ہوئے وہ اگرتلہ سازش کیس ختم کر دیا جو اس نے ملک کی سلامتی کو لاحق خطرات او ر وحدت پاکستان کے دفاع کے نام پر قائم کیا تھا۔ یہ سب کچھ کرنے کے باوجود نہ تو ایوب اپنے آمرانہ اقتدار کو تحفظ دے سکا اور نہ ہی پاکستان اپنی اصل حالت میں قائم رہ سکا۔ افسوس کے ماضی کی ناکام حکمت عملیوں کے باوجود یہاں آج تک یہ بات نہیں سمجھی جا سکی کہ آمرانہ اقدامات اور طرز عمل کسی بھی طرح ملکوں کے جغرافیائی تحفظ کا ضامن نہیں ہو سکتا۔

جواب دیں

Back to top button