
روس کے مشرقی علاقے ‘امور’ میں منگل کے روز ایک فوجی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں عملے کے 6 ارکان ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔
روسی سرکاری خبر رساں ایجنسی تاس کے مطابق روسی وزارت دفاع نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ 29 ستمبر کو ایک Tu-95 طیارہ تربیتی پرواز کے دوران امور ریجن کے ایک غیر آباد علاقے میں گر کر تباہ ہوا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’ابتدائی معلومات کے مطابق حادثے میں عملے کے 6 ارکان ہلاک ہوگئے جبکہ ایک زخمی رکن کو نکال کر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے‘۔
وزارت دفاع نے واضح کیا ہے کہ پرواز کے دوران طیارے میں کوئی گولہ بارود یا اسلحہ موجود نہیں تھا۔
واضح رہے کہ Tu-95 سوویت یونین کے دور میں ڈیزائن کیا گیا ایک بڑا اور جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھنے والا بمبار طیارہ ہے۔







