
وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری کا کہنا ہے اگر نئے صوبے پاکستان کے مفاد میں ہیں تو یہ ضرور بننے چاہئیں۔
سوشل میڈیا پر نجی ٹی وی کے ایک پروگرام کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے لکھا کہ نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے مثبت اور صحت مند بحث کا آغاز ایک خوش آئند پیشرفت ہے، تمام سیاسی جماعتوں اور عوام کو نئے صوبوں کے معاملے پر ہونے والی بحث کا حصہ بننا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبوں کی تشکیل جیسے اہم فیصلوں پر اتفاقِ رائے پیدا کرنا انتہائی ضروری ہے، یہ ایسا فیصلہ نہیں جسے کسی پر زبردستی مسلط کر دیا جائے، یہ معاملہ پارلیمنٹ سے متعلق ہے، اس لیے پارلیمنٹ میں بھی اس پر سیر حاصل بحث ہونی چاہیے۔







