
ترکیے کے صدر رجب طیب اردون نے پاکستان، ترکیے اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے معاہدے پر رد عمل دیتے ہوئےکہاکہ یہ معاہدہ خطے میں امن، خوشحالی اور استحکام کے خواہاں تمام برادر ممالک کی شمولیت کے لیے کھلا ہے۔
ترکیےکے صدر رجب طیب اردوان نے کہا آج سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی پر خلوص دعوت پر ہم نے مکہ مکرمہ کا دورہ کیا، دورے کے دوران سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور پاکستان کے وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کی ، اس موقع پر ہم نے تینوں ممالک کے درمیان ایک مشترکہ دفاعی معاہدے پردستخط کیے۔
رجب طیب اردوان نے کہا کہ اجتماعی دفاعی صلاحیت پر مبنی یہ معاہدہ ہماری سکیورٹی اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنائے گا، یہ معاہدہ دفاعی صنعت میں مشترکہ منصوبوں کے فروغ اور دہشت گردی کےخلاف مؤثر تعاون میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ترکیے کے صدر نے کہا یہ معاہدہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 میں بیان کردہ دفاع کے حق کی بھی توثیق کرتا ہے، یہ معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں ہے، یہ معاہدہ خطے میں امن، خوشحالی اور استحکام کے خواہاں تمام برادر ممالک کی شمولیت کے لیےکھلا ہے۔
رجب طیب اردوان نے کہا ترکیے بات چیت اور سفارتکاری سے تنازعات اور بحرانوں کو حل کرنے کے اصولی مؤقف پر گامزن رہے گا، اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہوں معاہدہ ہمارے پورے خطے کے لیے خیر، برکت، امن اور استحکام کا ذریعہ بنے







