
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستانی فوج کے چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کو فور سٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر انھیں کمانڈر نیشنل سٹریٹجک کمانڈ مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وزیر اعظم آفس سے جاری ہونے والے ایک مختصر بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے اس موقع پر جنرل عامر رضا کو ترقی اور نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم نے اس اہم ذمہ داری کی انجام دہی میں جنرل عامر رضا کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ برس 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد آرمی ایکٹ کے تحت چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا عہدہ ختم کر کے اس کی جگہ کمانڈر آف نیشنل سٹریٹجک کمانڈ کا عہدہ متعارف کروایا گیا تھا۔
آرمی ایکٹ میں ہونے والی اس ترمیم کے مطابق اس عہدے پر چیف آف ڈیفینس فورسز کی سفارش پر وزیر اعظم پاکستانی بری فوج کے ایک جنرل کو تین سال کے لیے تعینات کر سکتے ہیں







