
یمن کے حوثی گروپ نے سعودی عرب کے خلاف بحری ناکہ بندی کا اعلان کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اب "آنکھ کے بدلے آنکھ” کی پالیسی کے تحت کارروائیاں کی جائیں گی۔
حوثیوں کے فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے بیان میں کہا کہ سعودی عرب یمن کا "غیر منصفانہ اور ظالمانہ محاصرہ” جاری رکھے ہوئے ہے، جس کے جواب میں بحری سطح پر اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے سعودی عرب کو مزید کشیدگی سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ حوثی گروپ ہر ممکن صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
واضح رہے کہ حوثی گروپ، جو خود کو "انصار اللہ” کہتا ہے، یمن کے مغربی حصے کے وسیع علاقوں پر کنٹرول رکھتا ہے، جن میں دارالحکومت صنعا، اہم بندرگاہ حدیدہ اور بحیرۂ احمر کے ساحلی علاقے شامل ہیں، جبکہ عدن اور خلیجی ساحلی پٹی کے بعض علاقے حکومت کی حامی فورسز کے زیرِ انتظام ہیں۔







