تازہ ترینخبریںدنیاسیاسیات

حماس نے خلیل الحیہ کو نیا سربراہ منتخب کر لیا

فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے خلیل الحیہ کو اپنا نیا سربراہ منتخب کر لیا ہے۔ وہ یحییٰ السنوار کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے، جو اکتوبر 2024 میں اسرائیلی فوج کی کارروائی میں شہید ہوگئے تھے۔

 

حماس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق خلیل الحیہ نے تنظیم کے اندر ہونے والے انتخاب کے دوسرے مرحلے میں کامیابی حاصل کی، وہ اس سے قبل حماس کے نائب چیئرمین رہ چکے ہیں اور تنظیم کی پانچ رکنی قیادتی کونسل کے رکن بھی تھے۔

 

2024 میں یحییٰ السنوار، حماس کے عسکری کمانڈر محمد الضیف اور سیاسی رہنما اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد خلیل الحیہ تنظیم کی مرکزی قیادت میں نمایاں حیثیت اختیار کر گئے تھے۔ انہی واقعات کے بعد حماس نے جنگی حالات میں تنظیمی امور چلانے کے لیے پانچ رکنی قیادتی کونسل تشکیل دی تھی۔

 

1960 میں غزہ میں پیدا ہونے والے خلیل الحیہ 1987 میں حماس کے قیام سے ہی تنظیم سے وابستہ ہیں۔ وہ حالیہ برسوں میں زیادہ تر قطر میں مقیم رہے، جہاں سے انہوں نے اسرائیل، مصر، امریکا اور دیگر ثالث ممالک کے ساتھ رابطوں اور مذاکرات میں اہم کردار ادا کیا۔

 

غزہ سے باہر موجودگی کے باعث وہ مختلف ممالک کے درمیان سفارتی رابطے اور جنگ بندی سے متعلق مذاکرات کی قیادت کرتے رہے۔ غزہ میں جنگ بندی کے لیے اسرائیل کے ساتھ بالواسطہ مذاکرات میں بھی وہ حماس کے وفد کے سربراہ رہے ہیں۔

 

خلیل الحیہ کا خاندان بھی اسرائیلی حملوں سے شدید متاثر ہوا۔ 2014 کی غزہ جنگ کے دوران اسرائیلی حملے میں ان کے بڑے بیٹے اسامہ، ان کی اہلیہ اور تین بچوں کی شہادت ہوئی تھی

جواب دیں

Back to top button