تازہ ترینخبریںدنیاسیاسیاتپاکستان

طاقتور سمندری طوفان "باوی”: فلپائن میں لینڈ سلائیڈنگ سے 15 افراد ہلاک

طاقتور سمندری طوفان "باوی” نے جنوبی فلپائن میں تباہی مچا دی، جہاں شدید بارشوں کے باعث مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں کم از کم 15 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔

 

رپورٹس کے مطابق تقریباً ایک ہزار کلومیٹر پر پھیلا یہ سمندری طوفان بحرالکاہل سے تیزی کے ساتھ تائیوان کی جانب بڑھ رہا ہے، جس کے باعث مشرقی ایشیا کے کئی ممالک میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

 

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ طوفان کے اثرات کے باعث تائیوان کے شمالی اور مشرقی علاقوں سمیت جاپان کے دور افتادہ جزیروں میں شدید بارشیں ہوں گی، جبکہ آج طوفان کے جنوب مشرقی چین کے ساحلی علاقوں سے ٹکرانے کا امکان ہے۔

 

احتیاطی تدابیر کے طور پر مختلف ممالک میں درجنوں پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، متعدد تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں اور شہریوں نے خوراک، پانی اور دیگر ضروری اشیا کا ذخیرہ کرنا شروع کر دیا ہے، جس کے باعث کئی سپر مارکیٹس میں سامان تیزی سے ختم ہو گیا۔

 

فلپائن کے جزیرے منڈاناؤ میں رات کے وقت ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ نے کئی گھروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جبکہ امدادی کارکن ملبے تلے دبے افراد کی تلاش اور ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔

 

حکام نے خبردار کیا ہے کہ ہفتہ اور اتوار کے دوران بھی فلپائن کے مختلف علاقوں میں درمیانی سے شدید بارشوں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، جس کے باعث سیلاب اور مزید لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ برقرار رہے گا۔

جواب دیں

Back to top button