
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیراعظم نواز شریف نے آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی صورت حال پیدا نہیں ہونی چاہیے تھی، یہ ملک ہم سب کا ہے۔
لاہور میں مسلم لیگ ن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ عوامی حقوق کے لیے آئین کے اندر رہتے ہوئے جدوجہد کرنی چاہیے، ن لیگ تمام جمہوری قوتوں کے ساتھ مل کر اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی
نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن مسئلہ کشمیر سے متعلق واضح مؤقف رکھتی ہے، مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یو این قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت ملنا چاہیے، ن لیگ نے آزاد کشمیر کے عوام کو آئینی، بنیادی حقوق اور تعمیر و ترقی کے حوالے سے ترجیح دی ہے۔
صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ اس ملک میں ہم سب نے بھائیوں کی طرح رہنا ہے، کشمیریوں نے پاکستان کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں، پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی جدوجہد کو اپنی جدوجہد سمجھا ہے اور اس کے لیے کردار ادا کیا ہے۔
صدر مسلم لیگ ن نے مزید کہا کہ کشمیر کے عوام پاکستان سے اپنا نظریاتی اور فکری رشتہ برقرار رکھتے ہوئے پر امن رہیں، دھرنوں کو ختم کرکے با مقصد مذاکرات کریں، امید ہے آزاد کشمیر کے عوام، حکومت اور پاکستانی حکومت تمام سیاسی جماعتوں سے ملکر امن کی بحالی کیلئے کردار ادا کریں گے، کسی ایسے عمل کا حصہ نہیں بننا چاہیے جس سے دشمن قوتوں کے مذموم مقاصد کو تقویت ملے۔
نواز شریف نے کہا کہ موجودہ حالات میں حکومت پاکستان اور پاکستان کے دفاعی اداروں نے بے مثال کامیابیاں حاصل کی ہیں، ہمیں بھائی چارے اور رواداری کی سیاست کو فروغ دینا چاہیے۔
اجلاس میں آزاد کشمیر کی سیاسی، انتظامی صورتحال پر غور کیا گیا، ن لیگ آزاد کشمیر، مسلم لیگ ن کی سینئر قیادت بھی اجلاس میں شریک تھی، آزاد کشمیر میں حالیہ واقعات میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا گیا اور مغفرت کے لیے دعا کی گئی







