
لاہور (سپورٹس رپورٹر) سنٹرل ایشین ساؤتھ ایشین الائنس کے زیراہتمام پہلی سنٹرل ساؤتھ ایشین سیونز رگبی چیمپئن شپ 16-17 مئی 2026ء کو تاشقند میں ہوگی جس میں پاکستان، بھارت، ازبکستان،سری لنکا،منگولیا اور کرغستان شامل ہیں۔ سنٹرل ایشین ساؤتھ ایشین الائنس بنانے میں پاکستان اور بھارت دونوں یونین نے بہت اہم کردار ادا کیا اور گیارہہ ممبر ممالک پر مشتمل یہ الائنس بنایا گیا ہے۔ پاکستان رگبی یونین کے سیکرٹری سلمان مظفر شیخ کے مطابق پاکستان رگبی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔ ٹیم 15 مئی کو لاہور سے تاشقند روانہ ہوگی۔ پاکستان رگبی یونین نے کچھ عرصہ قبل کاشف خواجہ کو ٹیم کا کوچ مقرر کیا تھا۔ جنہوں نے ٹیم کو بہترین تیار کیا ہے۔ تمام چھ ٹیمیں ایک دوسرے سے میچز کھیلیں گی۔ سلمان شیخ کے مطابق محمد مدثر کو کپتان اور عمیر خان کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے دیگر کھلاڑیوں میں عامر شہزاد،انجم سجاد، محسن رضا، محمد عاقب صدیقی، عباس بنگش، محمد ہارون، فائق شہزاد،محمد افضل،توقیر علی اور محمدعرفان شامل ہیں۔ سلمان شیخ کا کہنا تھا کہ ایک اچھی ٹیم منتخب کی گئی ہے۔ اس پہلی سنٹرل ساؤتھ ایشین رگبی چیمپئن شپ میں پاکستان سے بڑے رگبی کھیلنے والے ممالک شریک ہو رہے ہیں۔ ہمیں ٹیم سے اچھی کارکردگی کی امید ہے۔ ٹیم نے پانچ پول میچز کھیلنے ہیں۔





