
لاہور ( محمد اخلاق اسلم ،نیوز رپورٹر)پنجاب اسمبلی کا خصوصی اجلاس معرکۂ حق بنیان المرصوص کو ایک سال مکمل ہونے پر منعقد ہوا جہاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیراعظم میاں شہباز شریف، مسلح افواج اور شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی،، اجلاس کے دوران حکومتی و اپوزیشن ارکان نے تقاریر میں افواج پاکستان کی بہادری، قومی یکجہتی اور معرکہ حق کی کامیابی پر اظہار خیال کیا، جبکہ آج کا اجلاس مکمل طور پر معرکہ حق کے نام رہا.پنجاب اسمبلی کا خصوصی اجلاس ایک گھنٹہ پچیس منٹ کی تاخیر سے سپیکر ملک محمد احمد خان کی صدارت میں شروع ہوا جہاں وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن نے معرکۂ حق بنیان المرصوص کی کامیابی پر قرارداد ایوان میں پیش کی جو متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔ قرارداد میں شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ پوری قوم نے مشکل وقت میں مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر “ون نیشن ون وائس” کا عملی مظاہرہ کیا۔ قرارداد میں کہا گیا کہ افواج پاکستان سورۃ الصف کے مطابق بنیان المرصوص یعنی سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئیں اور بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پاکستانی قوم ہر قسم کی نسلی، مذہبی اور گروہی تقسیم سے بالاتر ہو کر ملکی خودمختاری اور دفاع کیلئے متحد ہے جبکہ صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات سمیت ارکان اسمبلی نے بھی معرکۂ حق کو قومی اتحاد، عسکری حکمت عملی اور عوامی حمایت کی بڑی مثال قرار دیا۔
اپوزیشن ارکان نے بھی اپنی تقاریر میں افواج پاکستان، پاک فضائیہ اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا۔ اپوزیشن لیڈر معین قریشی نے کہا کہ فوج اور ملک دونوں ہمارے ہیں اور دشمن کے خلاف پوری قوم متحد ہے۔ انہوں نے پاک فضائیہ کی کامیابیوں اور جدید دفاعی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر ملک پر کوئی بری نظر ڈالے گا تو پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ دیگر اپوزیشن ارکان نے بھی معرکۂ حق میں افواج پاکستان کی کامیابی کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی جارحیت کا جس جرات اور پیشہ ورانہ انداز میں جواب دیا گیا اس نے دنیا کو حیران کر دیا۔ حکومتی ارکان نے کہا کہ معرکۂ حق کے بعد پاکستان خطے میں ایک مضبوط دفاعی قوت کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے جبکہ میڈیا کے مثبت کردار کو بھی سراہا گیا۔پنجاب اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں شہداء اور قومی یکجہتی کو خراج تحسین پیش کیا گیا جبکہ معرکہ حق بنیان مرصوص کی کامیابی کو ملکی تاریخ کا اہم باب قرار دیا گیا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے مسلم لیگ ن کے ایم پی اے ایوب گادھی پر ہونے والی فائرنگ کی مذمت کی اور کہاکہ ان کی جان اب خطرے سے باہر ہے تاہم ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا، ایجنڈا مکمل ہونے پر سپیکر پنجاب اسمبلی نے اجلاس غیر معینہ مدت کےلئے ملتوی کردیا ،





