
پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا کے خلاف تین میچز پر مشتمل ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ سیریز کے لیے آسٹریلوی ٹیم 23 مئی کو اسلام آباد پہنچے گی۔
پی سی بی کے مطابق سیریز کا پہلا ون ڈے میچ 30 مئی کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا اور تیسرا میچ 2 اور 4 جون کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں منعقد ہوگا۔ تینوں میچز شام 4 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ مارچ اور اپریل 2022 کے بعد یہ آسٹریلیا کی پاکستان میں پہلی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز ہوگی۔ اس سے قبل آسٹریلوی ٹیم نے رواں سال جنوری میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے دوران بھی پاکستان میں میچز کھیلے تھے، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ روابط مزید مضبوط ہوئے ہیں۔







