
پاکستان علماء کونسل (پی یو سی) کے چیئرمین حافظ طاہر اشرفی کے ساتھ لندن میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے گروہ کی جانب سے بدتمیزی کی گئی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پی ٹی آئی سے وابستہ انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن (آئی ایس ایف) کے مبینہ ارکان کے ایک گروپ نے لندن میں ایج ویئر روڈ پر چلتے ہوئے طاہر اشرفی کو اچانک گھیر لیا۔
اس گروپ نے تقریباً 10 منٹ تک پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین کا پیچھا کیا اور اس دوران تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا
علامہ طاہر اشرفی نے اس حوالے سے ’جیو نیوز‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب میں اپنی فیملی کے ساتھ ایک دوست کی دعوت پر رات کے کھانے کے لیے ایج ویئر روڈ پر جا رہا تھا تو مجھے ہراساں کرنے کی کوشش کی گئی۔
اُنہوں نے اس عمل کو ’انتہائی قابلِ مذمت‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں اس غنڈہ گردی سے گھبراؤں گا نہیں۔
پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین نے مزید کہا کہ ان لوگوں نے عمران خان اور پی ٹی آئی کو بھی بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔
اُنہوں نے پاکستان کی موجودہ قیادت کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی پالیسیوں نے عالمی سطح پر ملک کی ساکھ کو بہتر بنایا ہے۔
طاہر اشرفی نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بھی تعریف کی اور انہیں پاکستان اور وسیع تر مسلم دنیا دونوں کے لیے ایک بااثر شخصیت قرار دیا







