تازہ ترینخبریںدنیاسیاسیاتپاکستان

لبنان میں مسلح کارروائیوں کا خاتمہ نہایت ضروری ہے، وہاں جنگ بندی مذاکراتی عمل کا حصہ ہے: پاکستان

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہےکہ لبنان جنگ بندی مذاکرات کے عمل کا حصہ ہے اور اسے اسی تناظر میں دیکھا جا رہا ہے لہٰذا لبنان میں مسلح کارروائیوں کا خاتمہ اور امن نہایت ضروری ہے۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان نے کہاکہ ایران امریکا مذاکرات میں فریقین کے درمیان مذاکراتی عمل کا تسلسل برقرار رہا جس میں کوئی بڑا بریک تھرو نہیں ہوا جب کہ مذاکرات میں تعطل بھی پیدا نہیں ہوا،“نہ بریک تھرو نہ بریک ڈاؤن” کی صورتحال رہی، دو وفود کے درمیان 21 گھنٹےطویل مذاکرات ہوئے جو نہایت سنجیدہ اور جامع تھے اور اگرمجموعی وقت شمار کیا جائے تومذاکراتی عمل 24گھنٹوں سے بھی زیادہ جاری رہا۔

ترجمان نے کہا کہ مذاکرات میں شریک فریقین کی سنجیدگی، عزم اور مثبت رویے کو سراہا جانا چاہیے کیونکہ 21گھنٹے مسلسل مذاکرات کرنا اور پیچیدہ امور پر غور کرناغیرمعمولی عزم کی مثال ہے۔

طاہر اندرابی کا کہنا تھا کہ ہم سفارتی رابطوں کی تفصیلات پر تبصرہ نہیں کریں گے کیونکہ متعلقہ فریقین کے درمیان اعتماد اور رازداری کو برقرار رکھنا ضروری ہے، ہمارے پاس دونوں فریقین کی کوئی معلومات تھی تو وہ امانت تھی کیونکہ اگر ہم وہ معلومات شیئر کرتے تو وہ امانت میں خیانت ہوتی۔

ترجمان دفترخارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان امن عمل میں ثالث اور سہولت کاری کا کردار جاری رکھے گا لہٰذا مذاکرات سمیت تمام سفارتی کوششیں ایک تسلسل کا حصہ ہیں، تہران میں اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں اور وفود کے دورے اسی عمل کا حصہ ہیں، پاکستان، تہران اور واشنگٹن کے درمیان رابطوں کو برقرار رکھنے کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا۔

ترجمان نے کہا کہ امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششیں جاری ہیں اسی تسلسل میں پاکستان اپنے اتحادیوں اور دوست ممالک کو مسلسل اعتماد میں لے رہا ہے، امن عمل کی حمایت کرنے والے تمام ممالک کا خیرمقدم کرتے ہیں، بین الاقوامی شراکت داروں سے مسلسل رابطے اور مشاورت جاری ہے، روس سمیت عالمی طاقتوں کی حمایت کو اہمیت دیتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ مذاکرات کی تاریخوں سے متعلق قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے کیونکہ آئندہ مذاکرات کے شیڈول کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق پاکستان کے متحدہ عرب امارات سے بڑے قریبی تعلقات ہیں اسی لیے پاکستان نے یو اے ای پر حملوں کی کھلے الفاظ میں مذمت کی۔

ترجمان نے مزید کہا کہ لبنان جنگ بندی مذاکرات کے عمل کا حصہ ہے اور اسے اسی تناظر میں دیکھا جا رہا ہے، گزشتہ 2 دن میں اسرائیل-لبنان محاذ پر بہتری کے آثار حوصلہ افزا ہیں، لبنان میں مسلح کارروائیوں کا خاتمہ اور امن نہایت ضروری ہے کیونکہ جنگ بندی سے خطے میں استحکام آئے گا اور بات چیت کیلیے سازگار ماحول پیدا ہوگا

جواب دیں

Back to top button