
بھارت کی معروف اور لیجنڈری پلے بیک گلوکارہ آشا بھوسلے 92 برس کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔ ان کے انتقال کی تصدیق بھارتی میڈیا نے کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق آشا بھوسلے کو طبیعت خراب ہونے پر ہفتے کے روز ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، جہاں انہیں سینے میں انفیکشن کی تشخیص ہوئی۔ بعد ازاں ان کی حالت بگڑنے کے باعث متعدد اعضا نے کام کرنا چھوڑ دیا، جس کے نتیجے میں وہ جانبر نہ ہو سکیں۔
خاندانی ذرائع کے مطابق لیجنڈ گلوکارہ کی آخری رسومات کل شام ادا کی جائیں گی۔
آشا بھوسلے کے اسپتال میں داخلے کی اطلاع سب سے پہلے ان کی پوتی زنائی بھوسلے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر دی تھی، جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ ان کی دادی کو شدید تھکن اور سینے کے انفیکشن کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
آشا بھوسلے بھارتی موسیقی کی تاریخ کی ان نمایاں ترین آوازوں میں شمار ہوتی ہیں جنہوں نے کئی دہائیوں تک فلمی صنعت پر اپنی گائیکی کے انمٹ نقوش چھوڑے۔







