
پاکستان کے سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دارالحکومت اسلام آباد سے ملحقہ شہر راولپنڈی میں دو ڈرونز کو مار گرایا گیا ہے اور اس کے نتیجے میں کوئی نقصان نہیں ہوا ہے۔
سکیورٹی ذرائع نے یہ واضح نہیں کیا کہ یہ ڈرون کہاں سے آئے اور ان کا ہدف کیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دونوں عام ڈرونز تھے اور انھیں الیکٹرانک آلات کی مدد سے ناکارہ بنایا گیا۔
دوسری جانب افغان طالبان کی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ افغان فورسز نے جمعہ کی شام فیض آباد کے نزدیک واقع اہم فوجی تنصیب ’حمزہ (کیمپ)‘ کو نشانہ بنایا ہے۔ وزاتِ دفاع کی جانب سے ایکس پر جاری اس بیان میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ ڈرونز کا استعمال کرتے ہوئے وہاں موجود کمانڈ سینٹر اور دیگر اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا جس میں کافی نقصان ہوا ہے۔
اس سے قبل اسلام آباد کی پولیس نے برطانوی خبررساں ادارے کو شہزاد ملک نے بتایا تھا کہ جمعہ کی شام شہر کے سیکٹر آئی نائن میں ایک ڈرون گرنے کی اطلاع ملنے کے بعد علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔
ڈی ایس پی انڈسٹریل ایریا سرفراز بٹ کا کہنا ہے کہ ڈرون گرنے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس علاقے میں ضروری کارروائی کر رہی ہے
ڈرون گرنے سے ہونے والے نقصان کے بارے میں تاحال حکام نے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں۔
اسی دوران اسلام آباد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کچھ دیر کے لیے فضائی آپریشنز بھی معطل رہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق آپریشنل وجوہات کی بنا پر آج کچھ دیر کے لیے فلائٹ آپریشنز میں معمولی ایڈجسٹمنٹ کی گئی تھی اور اب ایئرپورٹ پر تمام پروازیں معمول کے مطابق آپریٹ ہو رہی ہیں







