
عمر کے نمایاں فرق کے باوجود شادی کرنے والے راولپنڈی کے 60 سالہ حکیم بابر نے ناقدین کو جواب دیتے ہوئے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ’عمر صرف ایک عدد ہے‘ اور میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا۔
چکلالہ اسکیم تھری میں ہونے والی اس شادی نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا کر دیا ہے، جیسے ہی نکاح کی خبر سامنے آئی، مختلف پلیٹ فارمز پر بحث و مباحثے کا سلسلہ شروع ہو گیا، سوشل میڈیا صارفین نے اس رشتے پر حیرت، تنقید اور حمایت جیسے مختلف ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔
وائرل ویڈیو کلپ میں حکیم بابر نے بتایا کہ ہماری شادی بیک وقت ارینجڈ اور لو میرج ہے، پہلے دونوں ایک دوسرے کو پسند کرنے لگے، پھر باقاعدہ نکاح کے ذریعے رشتے کو قانونی اور مذہبی شکل دی گئی۔
ان کا کہنا ہے کہ عمر کوئی معنی نہیں رکھتی، اصل بات دل کی جوانی ہے، میری اہلیہ طلاق یافتہ تھیں، یہ اللّٰہ کا حکم اور سنت نبویؐ ہے، میں نے اس پر عمل کیا ہے، میں نے کوئی گناہ یا ناجائز کام نہیں کیا، پھر لوگ منفی تبصرے کیوں کر رہے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ جو لوگ مجھ پر تنقید کر رہے ہیں، وہ خود غیر سنجیدہ تعلقات میں ملوث رہتے ہیں لیکن نکاح سے گریز کرتے ہیں۔
ان کی نوجوان اہلیہ نے بھی اپنے شوہر کے مؤقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ جب محبت سچی ہو تو عمر کو مسئلہ نہیں بنانا چاہیے اور جب مناسب ساتھی مل جائے تو شادی میں تاخیر نہیں کرنی چاہیے







