کیا واقعی پی آئی اے پائلٹ غلطی سے پشاور کی فلائیٹ کراچی لے آیا؟
سوشل میڈیا پر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی پرواز میں بیٹھے مسافروں کی جانب سے شدید احتجاج کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس متعلق دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ پائلٹ غلطی سے پشاور کے بجائے طیارے کو کراچی لے آیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو میں مسافروں کو طیارے کے اندر احتجاج کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
مختصر ویڈیو میں مسافر سیکیورٹی عملے سے بحث کرتے اور ان پر ناراضگی کا اظہار بھی کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
ویڈیو میں مسافروں کی آواز سنائی دیتی ہے کہ طیارے کو پشاور ایئرپورٹ جانا تھا لیکن اسے کراچی ایئرپورٹ پر اتار دیا۔
اسی طرح ویڈیو میں مسافرین کی جانب سے تین گھنٹے سے طیارے میں بیٹھے رہنے کی شکایت بھی سنی جا سکتی ہے جب کہ سیکیورٹی اہلکار طیش میں آنے والے مسافرین کو دلاسا دیتے دکھائی دیتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو سے متعلق متعدد سوشل میڈیا پیجز نے دعویٰ کیا کہ پائلٹ غلطی سے طیارے کو پشاور کے بجائے کراچی لے آیا، تاہم اس حوالے سے مزید کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئی۔
مبینہ طور پر پائلٹ کی غلطی کی وجہ سے پشاور کے بجائے کراچی ایئرپورٹ پر اتارے گئے طیارے کے حوالے سے پی آئی اے انتطامیہ یا سول ایوی ایشن نے بھی کوئی وضاحت جاری نہیں کی۔
تاہم شوبز شوشا نامی سوشل میڈیا پیج نے ذرائع سے بتایا کہ مذکورہ پرواز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی سے پشاور جانی تھی لیکن اسے کراچی ایئرپورٹ پر اتارا گیا۔
ذرائع سے بتایا گیا کہ فنی خرابی کی وجہ سے طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر اتارا گیا، تاہم اس حوالے سے ایئرپورٹ انتظامیہ، پی آئی اے اور سول ایوی ایشن نے کوئی وضاحت جاری نہیں کی۔