فن اور فنکار

ٹیلر سوئفٹ کی پوسٹ پر 1 کروڑ لائیک … کیا کملا ہیرس کا پلڑا بھاری ہو جائے گا ؟

مشہور امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کی جانب سے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کی جانے والی حالیہ پوسٹ محض 24 گھنٹے کے اندر تقریبا 1 کروڑ ‘Likes’حاصل کر چکی ہے۔ اس پوسٹ میں ٹیلر نے ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار کملا ہیرس کے لیے اپنی حمایت کا اعلان کیا تھا۔

یقینا حمایت کا یہ اعلان ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو نہیں بھایا جنھوں نے بعد ازاں گذشتہ روز بدھ کو فوکس نیوز پر ایک انٹرویو میں باور کرایا کہ غالبا ٹیلر کو یہ موقف کافی مہنگا پڑے گا۔

کیا ٹیلر سوئفٹ جن کے صرف انسٹاگرام پر ہی 28.3 کروڑ فالوور ہیں، ان کا موقف پانچ نومبر کو مقررہ صدارتی انتخابات کے نتائج پلٹ دے گا ؟

کملا ہیرس کے لیے اس مشہور گلوکارہ کی تائید کے نتیجے میں ایک دن سے بھی کم وقت میں 3.3 لاکھ ووٹروں نےVote.gov ویب سائٹ کا رخ کیا۔ یہ ویب سائٹ ووٹنگ سے متعلق معلومات حاصل کرنے میں معاونت کرتی ہے۔ ویب سائٹ چلانے والی وفاقی ایجنسی کے ترجمان کے مطابق منگل کی رات سے بدھ کی دوپہر دو بجے تک کم از کم 337826 افراد نے ٹیلر سوئفٹ کی جانب سے ان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کیے گئے لنک کو "کلک” کیا۔

رواں سال جنوری میں ‘نیوز ویک’ میگزین کے لیے ہونے والے ایک سروے میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ غالبا 18% ووٹروں کا اُس امیدوار کے حق میں ووٹ دینے کا زیادہ امکان ہے جس کو ٹیلر سوئفٹ کی حمایت حاصل ہو۔

اسی طرح 2023 میںMorning Consult کمپنی کی جانب سے کرائے گئے سروے کے مطابق غالبا نوجوان گلوکارہ کی تائید 35 برس سے کم عمر امریکیوں کے لیے خاص اثر رکھتی ہے۔ سروے میں شامل تقریبا 30% افراد کا موقف تھا کہ وہ ٹیلر کے حمایت یافتہ امیدوار کے حق میں ووٹ دیں گے۔ مذکورہ سروے میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ ٹیلر کے آدھے سے زیادہ پرستار اپنا تعارف ڈیموکریٹ کی حیثیت سے کراتے ہیں جب کہ بقیہ آدھے پرستار ریپبلکن اور آزاد خیال کی حیثیت سے برابر تقسیم ہیں۔

ادھر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کرنے والی ایک مشہور ترین شخصیت اور ‘ایکس’ پلیٹ فارم کے مالک ایلون مسک نے مزاح کے انداز میں سنہرے بالوں والی گلوکارہ کے موقف پر تبصرہ کیا ہے۔ ایلون نے بدھ کے روز ‘ایکس’ پر اپنے اکاؤنٹ کی پوسٹ میں لکھا "اچھا بھی ٹیلر .. تم جیت گئیں .. میں تمھیں ایک بچہ دوں گا اور تماہری بلیوں کی پہرے داری انجام دوں گا”۔ یہ ٹیلر کے گذشتہ روز کے بیان کی اختتامی عبارت پر واضح طنز تھا جس میں امریکی گلوکارہ نے بتایا تھا کہ وہ "بلیوں سے محبت کرنے والی خاتون ہیں اور ان کی کوئی اولاد نہیں ہے”۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button