گیرٹ وائلڈرز کو دھمکیاں: نیدرلینڈز کی عدالت نے ٹی ایل پی کے سربراہ سعد حسین رضوی اور اشرف جلالی کو قید کی سزائیں سُنا دیں
نیدرلینڈز کی ایک عدالت نے پاکستانی سیاسی و مذہبی جماعت تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ سعد حسین رضوی اور جماعت سے جُدا ہونے والے دھڑے تحریکِ لبیک یا رسول اللہ کے رہنما محمد اشرف جلالی کو اپنے پیروکاروں کو ڈچ سیاستدان گیرٹ وائلڈرز کے قتل پر اُکسانے پر غائبانہ سزائیں سُنا دی ہیں۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق نیدرلینڈز کی عدالت نے محمد اشرف جلالی کو گیرٹ وائلڈرز کے قتل پر لوگوں کو اُکسانے کی کوشش پر 14 برس قید کی سزا سںائی، جبکہ ٹی ایل پی کے سربراہ سعد حسین رضوی کو بھی ایسے ہی الزامات پر چار برس قید کی سزا سُنائی گئی ہے۔
استغاثہ نے ٹی ایل پی کے سربراہ سعد حسین رضوی کے لیے چھ سال قید کی سزا کا مطالبہ کیا تھا، تاہم عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ سوشل میڈیا پر ان کے بیانات دہشتگردی کے زمرے میں نہیں آتے اور انھیں چار برس قید کی سزا سُنا دی۔