بھارت میں ’نان ویج‘ بریانی لانے پر مسلم طالبعلم کو اسکول سے نکال دیا گیا
بھارت میں مسلمانوں سے نفرت انگیز رویے کا ایک اور افسوس ناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں لنچ باکس میں گوشت کی بریانی لانے پر مسلم طالبعلم کو مبینہ طور پر اسکول سے نکال دیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اتر پردیش کے ضلع امروہہ میں ایک پرائیویٹ اسکول کی تیسری جماعت کے طالبعلم کو لنچ باکس میں نان ویجیٹیرین(گوشت والی) بریانی لانے پر اسکول سے فارغ کر دیا گیا۔
7 سالہ طالبعلم کی ماں اور اسکول کے پرنسپل کے درمیان بحث کی مبینہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد تنازعہ کھڑا ہوا۔
بچے کی ماں نے الزام لگایا ہے کہ میرے بیٹے کو پرنسپل نے مارا پیٹا اور ایک خالی کمرے میں بند کر دیا۔ خاتون نے دعویٰ کیا کہ پرنسپل نےکہا کہ اسکول کے رجسٹر سے بیٹے کا نام نکال دیا ہے اور اسے اب اسکول بھیجنے کی ضرورت نہیں ہے۔
تاہم اسکول کے پرنسپل نے اپنے خلاف لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ لڑکے کو نہیں مارا بلکہ بچے نے اسکول میں مندر کو نقصان پہنچایا اور اپنے کلاس والوں کو نان ویجیٹیرین بریانی کھلانے کی کوشش کی جس پر ان کے والدین نے اعتراض کیا۔ میں نے والدین اور اساتذہ کی میٹنگ بلائی تھی لیکن اس بچے کی ماں نے مجھ پر یہ الزامات لگادیے۔
دوسری جانب حکام واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں جبکہ امروہہ مسلم کمیٹی نے پرنسپل کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے