سپیشل رپورٹ

روس میں ہیلی کاپٹر 22 مسافروں سمیت لاپتا

روس کے مشرقی جزیرے نما علاقے کامچیٹکا میں 22 افراد سمیت ہیلی کاپٹر لاپتا ہوگیا ہے، مسافروں میں زیادہ تر سیاح شامل ہیں۔

انٹرافیکس نیوز ایجنسی نے فیڈرل ایئر ٹرانسپورٹ ایجنسی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ہیلی کاپٹر ایم آئی 8 ٹی آتش فشاں وچکازیٹز کے قریب موجود بیس سے روانہ ہوا تھا، مذکورہ ہیلی کاپٹر کو 4 بجے طے شدہ وقت پر رپورٹ کرنا تھا، تاہم کریو رپورٹ کرنے میں ناکام رہا۔

کامچیٹکا جزیرہ نما کے گورنر ولادیمیر سولودوو نے ٹیلی گرام پر ویڈیو بیان میں بتایا کہ آج تقریبا 4 بج کر 15 منٹ پر ہمارا رابطہ ایم آئی 8 ہیلی کاپٹر سے منقطع ہوا، ہیلی کاپٹر میں 22 افراد سوار تھے جن میں 19 مسافر اور 3 کریو ممبران شامل تھے۔

روسی انتظامیہ نے بتایا کہ لاپتا ہیلی کاپٹر کی تلاش کے لیے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے امداد ٹیمیں رات گئے سرچ آپریشن کر رہی ہیں، جہاں امدادی ٹیموں کی توجہ دریا کی وادی پر مرکوز ہے، جہاں سے ہیلی کاپٹر نے پرواز کی، سوویت دور کا فوجی ہیلی کاپٹر ایم آئی 8 روس میں زیادہ تر سفر کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

لاپتا ہیلی کاپٹر نے قدیم آتش فشاں وچکازیٹز کے قریب سے مسافروں کو اٹھایا تھا، جزیرہ نما کا وہ قدرتی علاقہ ہے جو کہ خطرناک مناظر اور فعال آتش فشاؤں کے باعث مقبول ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button