غزہ کی انجینئر کا کارنامہ:کھارے پانی کو پینےکےقابل بنانےکےلیے سورج کی روشنی کااستعمال

جنگ زدہ غزہ میں پانی کا ایک ایک قطرہ بہت ضروری ہے جس نے اناس الغول کے دھوپ سے چلنے والے پانی کے عارضی فلٹر کو پانی کی کمی کا شکار فلسطینیوں کے لیے ایک بڑی نعمت بنایا دیا ہے جو علاقے کی شدید گرمی میں لامتناہی بمباری جھیل رہے ہیں۔
غزہ تک پہنچنے والے امدادی سامان کے چند تختوں سے لکڑی لے کر اور جو عمارات 10 ماہ کی جنگ میں بڑی حد تک تباہ اور متروک ہو چکی ہیں، ان سے بچ جانے والے کھڑکیوں کے شیشوں کا استعمال کر کے 50 سالہ زرعی انجینئر خاتون نے شیشے سے ڈھکا ہوا ایک تنگ نالا بنا دیا۔
وہ کھارے پانی کو نالے سے بخارات بننے دیتی ہیں جو شیشے سے پیدا شدہ گرین ہاؤس اثرات سے گرم ہو جاتا ہے اور پانی کو کشید کرتا ہے جس سے نمک نیچے بیٹھ جاتا ہے۔
وہاں سے ایک لمبی سیاہ نلی بخارات سے بننے والے پانی کو فعال چارکول سے بھرے دوسرے کنٹینرز میں لے جاتی ہے تاکہ نجاست کو مزید فلٹر کیا جا سکے۔
الغول نے غزہ کی پٹی کے جنوبی علاقے خان یونس میں اپنے گھر میں فلٹر شدہ پانی کے گلاس سے لمبا گھونٹ لینے کے بعد اے ایف پی کو بتایا، "یہ ایک بہت ہی آسان آلہ ہے، اسے استعمال کرنا اور بنانا بہت آسان ہے۔”
وافر توانائی
الغول کے آلے کو "بجلی، فلٹر یا سولر پینلز کی ضرورت نہیں ہے۔ یہ مکمل طور پر شمسی توانائی پر کام کرتا ہے” جو غزہ میں وافر مقدار میں ہے جہاں گرمیوں میں روزانہ 14 گھنٹے اور سردیوں میں آٹھ گھنٹے دھوپ ہوتی ہے۔
یہ ایسے وقت میں خاص طور پر کارآمد ثابت ہوا ہے جب غزہ کا واحد بجلی گھر بند ہے اور اسرائیل سے بجلی کی سپلائی مہینوں سے بند ہے۔
ایندھن کی بھی کمی کی وجہ سے غزہ کے پانی صاف کرنے کے پلانٹ جو لڑائی میں ہونے والے نقصان سے بچ گئے ہیں، کافی حد تک کم صلاحیت پر کام کر رہے ہیں۔
دوپہر کی دھوپ میں پسینہ بہاتے ہوئے غزہ کے ایک بے گھر باشندے محمد ابو داؤد نے کہا، الغول کی ایجاد "بالکل صحیح وقت پر آئی ہے۔”
انہوں نے اے ایف پی ٹی وی کو بتایا، "تقریباً دو ماہ سے ہمارا مکمل انحصار اسی پر ہے۔”
آکسفیم نے جولائی میں اطلاع دی، یہ ان لوگوں کے لیے ضروری مدد فراہم کرتا ہے جو اس سے مستفید ہوتے ہیں کیونکہ غزہ کے باشندوں کے لیے فی الحال اوسطاً 4.74 لیٹر یومیہ پانی دستیاب ہے جو "ہنگامی حالات میں تجویز کردہ کم از کم مقدار کا ایک تہائی” ہے۔
امدادی گروپ نے ایک رپورٹ میں خبردار کیا، یہ "ایک دفعہ ٹوائلٹ کے استعمال سے بھی کم” کے برابر ہے۔ رپورٹ میں اندازہ لگایا گیا کہ جنگ کے آغاز سے غزہ کی پٹی میں فی کس پانی کی دستیابی میں 94 فیصد کمی واقع ہوئی۔
تنازعہ شروع ہونے سے پہلے ہی پانی کی قلت تھی اور اس کا بیشتر حصہ پینے کے قابل نہیں تھا۔ انسانی ہمدردی کی ایجنسیاں کہتی ہیں کہ 2.4 ملین آبادی بنیادی طور پر نفوذ پذیر چٹانوں کے تیزی سے آلودہ ہوتے اور ختم ہوتے ہوئے پانی پر انحصار کرتی ہے۔
‘پانی بطورِ جنگی ہتھیار’
الغول کے گھر کے قریب جہاں ابو داؤد پناہ گاہ میں میں تبدیل شدہ سکول میں رہائش پذیر ہیں، دیگر بے گھر خاندان اپنی بوتلیں بھرنے کے لیے پانی کے فلٹریشن سسٹم پر انحصار کرتے ہیں۔
صاف پانی کو ذخیرہ کرنے والا 250 لیٹر کا ٹینک تیزی سے خالی ہو جاتا ہے۔
آکسفیم نے اسرائیل پر "پانی کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے” کا الزام لگایا ہے اور غزہ کے لوگوں کے لیے "صحت کی ایک مہلک آفت” سے خبردار کیا ہے جن میں سے تقریباً سبھی کم از کم ایک بار بے گھر ہو چکے ہیں۔
امدادی گروپ نے حساب لگایا کہ "اسرائیلی فوجی حملوں میں جنگ کے آغاز سے ہر تین دن میں پانی اور صفائی کے بنیادی ڈھانچے کے پانچ مقامات کو نقصان پہنچا ہے۔”
اس نے کہا، صاف پانی کی کمی نے آبادی پر شدید اثرات مرتب کیے ہیں اور "غزہ کی 26 فیصد آبادی آسانی سے رک جانے والی بیماریوں سے شدید بیمار ہے۔”
اپنے آلے کی شدید ضرورت اور فضائی حملوں کے ہر جگہ موجود خطرے سے آگاہ الغول اپنی تخلیق پر نظر رکھنے اور اپنے قیمتی نلکے کھولنے یا بند کرنے کے لیے باقاعدگی سے اپنی چھت کا چکر لگاتی ہیں۔







