فن اور فنکار

میرا نے ارشد ندیم کو کرکٹر قرار دے دیا، ویڈیو وائرل

ماضی کی مقبول اداکارہ میرا کی جانب سے حال ہی میں اولمپکس کے دوران جیولین تھرو میں گولڈ میڈل جیتنے والے ایتھلیٹ ارشد ندیم کو کرکٹر قرار دیے جانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

ارشد ندیم نے 8 اور 9 اگست کی درمیانی شب فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ہونے والے اولمپکس میں جیولین تھرو میں ریکارڈ بناتے ہوئے گولڈ میڈل جیتا تھا۔

ارشد ندیم کی جانب سے گولڈ میڈل جیتنے کے بعد پاکستان کو بھی اولمپکس میں 40 سال بعد گولڈ میڈل ملا، اس سے قبل پاکستان کو 1984 میں گولڈ میڈل ملا تھا۔

ارشد ندیم کی جانب سے گولڈ میڈل جیتنے کے بعد دنیا بھر میں ان کا نام روشن اور وائرل ہوگیا اور ہر کسی کو معلوم ہے کہ انہوں نے اولمپکس میں جیولین تھرو میں میڈل جیتا۔

لیکن ماضی کی مقبول اداکارہ میرا نے ارشد ندیم کو کرکٹر قرار دیتے ہوئے ان کے کھیل کی تعریفیں کیں اور کہا کہ انہوں نے اچھی کرکٹ کا مظاہرہ کیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو میں میرا کو نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جہاں وہ ایتھلیٹ کو کرکٹر قرار دیتی دکھائی دیں۔

انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم نے اچھی کرکٹ کھیلی، انہوں نے ملک کا نام روشن کیا، ان کی وجہ سے قوم اور ملک کا دنیا میں نام ہوا۔

میرا نے مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم کے کھیل میں ان کی باڈی لینگویج سے ہی ان کی سچائی کا پتا چل رہا تھا، انہوں نے اچھا کھیل کھیلا۔

میرا نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اچھا کھیل کھیلنے والے کرکٹرز سمیت اچھے فن کا مظاہرہ کرنے والے اداکاروں کا بھی خیال کرے، ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے مراعات کا اعلان کرے۔

میرا کی جانب سے ارشد ندیم کو ایتھلیٹ کے بجائے کرکٹر قرار دیے جانے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے دلچسپ تبصرے بھی کیے اور لکھا کہ اداکارہ ہمیشہ ایسے ہی شاہکار کرتی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button