اسرائیلی جرائم کے خلاف او آئی سی کا اجلاس کل ہو گا
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) میں وزرائے خارجہ کی سطح پر ایگزیکٹو کمیٹی کا غیر معمولی اجلاس کل بروز بدھ منعقد ہو گا، جس میں فلسطینی عوام پر اسرائیلی مظالم، حماس سربراہ اسمٰعیل ہنیہ کی شہادت سمیت ایران کی خودمختاری کی خلاف ورزی پر غور کیا جائے گا۔
بین الاقوامی خبر رساں ایجنسیز کی رپورٹ کے مطابق پیر کو سیکرٹریٹ کی طرف سے ایک بیان جاری کیا گیا ہے کہ یہ اجلاس جدہ میں او آئی سی کے جنرل سیکرٹریٹ میں منعقد ہوگا۔
سیکرٹریٹ کے بیان کے مطابق اجلاس اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینی عوام کے خلاف بالخصوص غزہ کی پٹی میں جاری مظالم کے ردعمل میں بلایاگیا ہے۔
اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیلی کارروائیوں کے نتیجے میں اب تک 40 ہزار افراد شہید ہو چکے ہیں، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں اور زخمیوں کی تعداد 91 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے، اس کے علاوہ شہری املاک بشمول 4 لاکھ 30 ہزار مکانات، انفراسٹرکچر، ہسپتالوں، اسکولوں، مساجد اور تاریخی مقامات کو تباہ کر دیا گیا ہے، حملوں کی وجہ سے 20 لاکھ فلسطینی بے گھر ہو چکے ہیں۔
اس کے علاوہ، ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے قاہرہ میں میڈیا کو بتایا کہ ترکیہ بدھ کے روز آئی سی جے میں اسرائیل کے خلاف جنوبی افریقہ کے نسل کشی کے مقدمے میں شامل ہونے کا باضابطہ طور پر اعلان کرے گا۔