فن اور فنکار

’بنگلہ دیش آزاد ہوگیا‘، بنگالی شوبز شخصیات حسینہ واجد کی حکومت گرنے پر خوش

بنگلہ دیش میں کئی ہفتوں سے سرکاری ملازمتوں کے لیے کوٹہ سسٹم کے خلاف ہونے والے شدید مظاہروں اور پُرتشدد احتجاج کے بعد وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے مستعفی ہوکر ملک سے فرار ہونے کے بعد بنگالی شوبز شخصیات نے اظہار مسرت کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو آزاد قرار دے دیا۔

بنگلہ دیش کی ویب سائٹ ڈیلی اسٹار کے مطابق شیخ حسینہ واجد کی جانب سے پانچ اگست کو استعفیٰ دے کر ملک سے فرار ہونے پر عوام کی طرح شوبز شخصیات بھی خوش دکھائی دیں اور انہوں نے اپنے جذبات کا اظہار سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کیا۔

متعدد شوبز شخصیات وقتا بوقتا شاگردوں کے مظاہروں میں شریک بھی ہوتی رہیں جب کہ وزیر اعظم کی جانب سے مستعفی ہونے کے بعد اداکاروں نے بنگلہ دیش کو آزاد قرار دے دیا۔

زیادہ تر شوبز شخصیات نے ملک کے قومی پرچم کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے شیخ حسینہ واجد کے دور کے خاتمے پر اظہار مسرت کرتے ہوئے ان کے دور کو آمریت قرار دیا۔

شوبز شخصیات نے شاگردوں کے مظاہروں اور احتجاج کو سراہتے ہوئے لکھا کہ نئی نسل نے ملک کو دوبارہ آزادی دلائی۔

اداکارؤں، گلوکاروں اور ماڈلز نے شاگردوں اور نوجوانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ان کی جدوجہد کی وجہ سے ہی بنگلہ دیش آزاد ہوا، ملک سے آمریت اور کرپٹ سیاست و حکومت کا خاتمہ ہوا۔

شوبز شخصیات وزیر اعظم کے فرار ہونے کے بعد ڈھاکا سمیت دیگر شہروں میں ہونے والے جشنوں میں شریک بھی ہوئے جب کہ انہوں نے سوشل میڈیا پر خوشی منانے کی ویڈیوز اور تصاویر بھی شیئر کیں۔

یاد رہے کہ بنگلہ دیش میں جاری حکومت مخالف مظاہروں میں جھڑپوں کے دوران مرنے والوں کی مجموعی تعداد 300 سے تجاوز کر چکی ہے۔

شیخ حسینہ واجد کے مستعفیٰ ہونے اور ان کےفرار ہونے کے بعد ملک کے آرمی چیف نے عبوری حکومت بنانے کا اعلان بھی کر رکھا ہے، دوسری جانب بنگلہ دیش بھر میں حکومت کے خاتمے پر جشن کا سماں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button