اسرائیل کو مناسب وقت اور جگہ پر اسماعیل ہنیہ کی موت کا جواب دیا جائے گا: پاسدارانِ انقلاب
ایرانی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) نے سنیچر کے روز جاری اپنے ایک بیان میں اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ اسرائیل کو اسماعیل ہنیہ کے قتل کا کرار کا جواب دیا جائے گا۔
’دہشت گرد صیہونی حکومت کو مناسب وقت اور جگہ پر سخت سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘
اسماعیل ہنیہ نئے ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے ایران کے دارالحکومت تہران میں موجود تھے جب وہ بدھ کو ایک فضائی حملے میں مارے گئے۔ حماس اور ایرانی حکام نے فوری طور پر اس حملے کا الزام اسرائیل پر عائد کیا تھا۔
اسماعیل ہنیہ کے قتل کے بارے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے آئی آر جی سی کا کہنا ہے کہ ان کی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ اسماعیل ہنیہ کی رہائش گاہ پر شارٹ رینج پرجیکٹائل فائر کیا گیا جس پر تقریباً 7 کلو گرام وزنی وار ہیڈ نصب تھا۔
پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ اسماعیل ہنیہ پر ’حملے کا منصوبہ اور اس پر عمل درآمد اسرائیلی حکومت نے کیا جبکہ امریکہ کی حکومت نے اس کی حمایت کی تھی۔‘
اس سے قبل امریکی محکمہ دفاع نے کہا ہے کہ کسی بھی ایرانی حملے کے خطرے کے پیشِ نظر اسرائیل کی حفاظت کے لیے امریکہ مشرقِ وسطیٰ میں اضافی بحری جہاز اور لڑاکا طیارے تعینات کرے گا۔
ایران میں رواں ہفتے حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ اور حزب اللہ کے ایک کمانڈر کی ہلاکت کے بعد خطے میں شدید کشیدگی برقرار ہے۔