سپیشل رپورٹ

عمران خان سے ملنے کی کوشش کرنے پر غیر ملکی صحافی پاکستان سے ملک بدر

برطانوی نژاد امریکی مصنف اور صحافی چارلس گلاس کو جیل میں سابق وزیرِ اعظم عمران خان سے ملنے کی کوشش کرنے پر پاکستان سے ملک بدر کر دیا گیا، یہ بات ایک ساتھی اور سابق وزیرِ اعظم کے اہلِ خانہ نے بتائی۔

73 سالہ گلاس مصنف، صحافی، براڈکاسٹر اور پبلشر ہیں جو شرقِ اوسط اور دوسری جنگِ عظیم میں مہارت رکھتے ہیں۔ انہوں نے نیوز ویک، اے بی سی ٹی وی اور دی ٹیلی گراف جیسی معروف بین الاقوامی میڈیا تنظیموں کے لیے کام کیا ہے اور فی الحال فری لانس صحافی کے طور پر کام کر رہے ہیں۔

سابق وزیرِ اعظم خان کی بہن علیمہ خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک خط کا اشتراک کیا جو مبینہ طور پر گلاس نے بدھ کے روز پاکستان کے سیکرٹری داخلہ کو لکھا تھا۔ اس میں حکام سے درخواست کی گئی تھی کہ وہ انہیں راولپنڈی کی سینٹرل جیل میں خان سے ملاقات کرنے کی اجازت دیں۔

گذشتہ ہفتے پاکستان پہنچنے والے غیر ملکی صحافی نے کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود حکام نے انہیں گذشتہ تین دنوں سے خان سے ملنے کی اجازت نہیں دی تھی۔

گلاس بدھ کو اسلام آباد میں مقیم صحافی زاہد حسین سے ملنے جا رہے تھے جب پولیس ان کے گھر پہنچی۔ حسین نے کہا کہ غیر ملکی صحافی نے انہیں اسی دن بتایا تھا کہ ان کا ویزا پیر تک کارآمد ہونے کے باوجود منسوخ کر دیا گیا تھا۔

حسین نے کہا کہ پولیس نے انہیں بتایا کہ گلاس کو چار گھنٹے کے اندر ملک چھوڑنا تھا۔

حسین نے مزید کہا، "اس کے بعد انہیں ایک پرواز میں سوار کر دیا گیا اور مجھے آج ان کا پیغام ملا کہ وہ دبئی پہنچ گئے تھے۔”

اس واقع کو ایک "عجیب اقدام” قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولیس نے گلاس کو یہ نہیں بتایا کہ انہیں کیوں ملک بدر کیا جا رہا تھا۔

انہوں نے مزید کہا، "جب وہ قبل ازیں اڈیالہ جیل گئے تھے تو جیل حکام نے انہیں خان سے ملنے سے روک دیا تھا اور وہ ملے بغیر واپس آ گئے تھے تو پھر انہیں ملک بدر کیوں کیا گیا۔”

عرب نیوز نے پاکستان کی وزارتِ داخلہ، اسلام آباد پولیس، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی [ایف آئی اے] اور وزارتِ اطلاعات کو سوالات بھیجے لیکن اس رپورٹ کے شائع ہونے تک کوئی تبصرہ موصول نہیں ہوا۔

خان کی بہن علیمہ خان نے گلاس کو اپنے بھائی کا "دیرینہ دوست” بتایا اور یہ بھی کہا کہ انہیں ملک بدر کر دیا گیا تھا۔

انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، "جب محسن نقوی کو بیرونِ ملک سے آنے والے عمران خان کے دوستوں کو ملک بدر کرنے کا اقدام کرنا پڑے تو اس سے حکومت کی ذہنی حالت اور گھبراہٹ کا اظہار ہوتا ہے۔”

ایک سابق کرکٹ سٹار عمران خان 2018 میں اقتدار میں آئے تھے اور 2022 میں پارلیمانی عدم اعتماد کے ووٹ سے انہیں معزول کر دیا گیا تھا جس کے بارے میں یہ خیال ہے کہ ان کا پاکستان کی طاقتور فوج کے ساتھ اختلاف تھا جس نے انہیں یہ عہدہ دلانے میں مدد دی تھی۔ فوج سیاسی مداخلت کی تردید کرتی ہے۔

ان کی برطرفی کے بعد سے خان اور ان کی جماعت پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے فوج کے خلاف ایک بدنام مہم کی قیادت کی ہے حتیٰ کہ نومبر 2022 میں جب خان اسلام آباد کے لیے احتجاجی کارواں کی قیادت کر رہے تھے تو ان پر قاتلانہ حملے کا الزام بھی سینئر فوجی حکام پر لگایا گیا۔

پی ٹی آئی کے بانی گذشتہ سال اگست سے جیل میں ہیں حالانکہ فروری میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات سے قبل انہیں سنائی گئی چاروں سزائیں معطل یا کالعدم قرار دے دی گئی ہیں۔ خان کہتے ہیں کہ ان کے خلاف تمام قانونی مقدمات انہیں سیاست سے دور رکھنے اور ان کی پارٹی کی مقبولیت کو دبانے کے لیے ہیں۔

خان اور ان کی پارٹی نے گذشتہ سال نو مئی سے پارٹی کے خلاف مسلسل وسیع کریک ڈاؤن کی شکایت کی ہے جب پی ٹی آئی کے مبینہ حامیوں نے سرکاری اور فوجی تنصیبات پر حملہ کیا اور انہیں نقصان پہنچایا۔ فسادات کے بعد پی ٹی آئی کے سیکڑوں حامیوں اور رہنماؤں کو گرفتار کیا گیا تھا اور کچھ ابھی تک جیل کی سلاخوں کے پیچھے مقدمے کا انتظار کر رہے ہیں۔

جواب دیں

Back to top button