فن اور فنکار

گھر سے لاکھوں روپے لے کر کبریٰ خان سے ملنے کیلئے نکلنے والی نو عمر لڑکی بازیاب

پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے اپنے گھر سے لاکھوں روپے نقد رقم لے کر اداکارہ کبریٰ خان سے ملنے کے لیے نکلنے والی نو عمر لڑکی کو لاہور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بازیاب کرالیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز کے مطابق لاہور سے 13 سالہ لڑکی والدین کے رکھے لاکھوں روپے لے کر گھر سے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے لیے نکلی تھیں۔

اس حوالے سے پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ لڑکی گھر سے کوٹ لکھپت ریلوے اسٹیشن تک پیدل پہنچی تھیں اور شہر میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے لڑکی کو دیکھنے کے بعد پولیس نے بروقت کارروائی کرکے لڑکی کو تلاش کیا۔

پولیس کے مطابق لڑکی نے بتایا کہ وہ اپنی مرضی سے گھر سے نکلی تھیں، انہیں کسی نے اغوا نہیں کیا اور انہوں نے خود اپنی مرضی اور اپنے اخراجات کے لیے گھر سے پیسے بھی چرائے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ لڑکی نے بیان دیا کہ وہ اداکارہ کبریٰ خان سے ملنے کے لیے کراچی جا رہی تھیں، کیوں کہ وہ ان کی بڑی مداح ہیں اور انہوں نے ان کے تمام ڈرامے اور فلمیں دیکھ رکھی ہیں۔

پولیس کے مطابق لڑکی نے بتایا کہ انہیں کبریٰ خان کا ڈراما صنف آہن سب سے زیادہ پسند تھا اور مذکورہ ڈرامے کے کردار کے بعد ہی انہوں نے اداکارہ سے ملنے کی کوشش کی۔

پولیس کے مطابق لڑکی نے بیان میں بتایا کہ انہیں ان کی دوستوں نے بتایا تھا کہ کبریٰ خان کراچی میں رہتی ہیں، اس لیے انہوں نے اپنے اخراجات کے لیے گھر سے پیسے بھی اٹھائے اور اداکارہ سے ملنے کے لیے نکل پڑیں۔

لاہور کے فیصل ٹاؤن پولیس نے لڑکی کو کراچی پہنچنے کے بعد بازیاب کراکر والدین کے حوالے کیا تھا، جس پر والدین نے پولیس کا شکریہ بھی ادا کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button