ابھرتی ہوئی بالی ووڈ اداکارہ کی لاش فلیٹ سے برآمد

کاجول اور پاکستانی نژاد برطانوی اداکار علی خان کی ویب سیریز دی ٹرائل سمیت متعدد ویب سیریز اور فلموں میں کام کرنے والی بھارت کی ابھرتی ہوئی اداکارہ نور ملابیکا داس نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔
بھارتی خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق پولیس نے 8 جون کو پڑوسیوں کی شکایت کے بعد اداکارہ کے فلیٹ کا دروازہ توڑا تو اداکارہ کو مردہ حالت میں پایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق پولیس نے حادثاتی موت کی رپورٹ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے جب کہ فوری طور پر اس بات کا تعین نہیں کیا جا سکا کہ اداکارہ نے کن وجوہات کی بنا پر خودکشی کی؟
بھارتی میڈیا کے مطابق نور ملابیکا داس کے فلیٹ سے بدبو آنے کے بعد پڑوسیوں نے پولیس کو شکایت کی۔
پولیس نے اداکارہ کی خودکشی اور موت کی تصدیق 10 جون کو کی، تاہم بتایا کہ انہوں نے 8 جون کو اداکارہ کو فلیٹ میں مردہ حالت میں پایا۔
رپورٹس سے معلوم ہوتاہے کہ اداکارہ نے مبینہ طور پر 6 یا 7 جون کو خودکشی کی ہوگی، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔
اداکارہ کے کمرے سے کسی طرح کا کوئی خط یا دوسرا نوٹ نہیں ملا اور نہ ہی کوئی ایسی مشکوک چیز برآمد ہوئی ہے، جس سے ان کے قتل کا شبہ پیدا ہو، تاہم اس باوجود پولیس ان کی پراسرار موت کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کر رہی ہے۔
اداکارہ کی لاش ممبئی میں ان کے فلیٹ سے برآمد ہوئی، جس کے بعد پولیس نے ضروری کارروائی اور لاش کی شناخت کے بعد اسے ان کی آبائی ریاست آسام روانہ کردیا۔







