فلسطینیوں کی نسل کشی پر خاموشی: بالی ووڈ خانز پر کڑی تنقید

اسرائیل کی جانب سے فلسطین پر زبردستی مسلط کی گئی جنگ کے دوران دلخراش مناظر و نسل کشی کے خلاف دنیا بھر سے غیر مسلموں نے بھی آوازیں اٹھائی ہیں، ایسے میں بالی ووڈ خانز کی خاموشی سوالیہ نشان بن گئی۔
زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والی کئی عالمی شخصیات فلسطین کی حمایت میں سامنے آ چکی ہیں اور اسرائیل کی بربریت پر غم، غصے، افسوس اور دکھ کا اظہار کر رہی ہیں۔
فلسطینیوں پر ہوتے تاریخی ظلم و جبر کو دیکھ کر ان کے حق میں آواز اٹھانے والے افراد رنگ، نسل اور مذہب سے باہر نکل کر اسرائیل کو دہشت گرد ملک قرار دینے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب اگر دیکھا جائے تو بھارت کے متعدد ستاروں سمیت عام و خاص شخصیات بھی فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی اور فلسطین خصوصاً غزہ کے علاقے رفح میں جاری حالیہ بمباری اور اسرائیلی فوجیوں کی کارروائیوں کی مذمت کر رہے ہیں۔
خانز کی اسی خاموشی کے سبب شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کڑی تنقید کی زد میں ہیں۔
نیٹیزنز کا کہنا ہے کہ جہاں ان گنت اہم شخصیات نے فلسطین کے حق میں آواز اٹھائی ہے وہیں بالی ووڈ خانز کو بھی مظلوموں کی وکالت کے لیے اپنے پلیٹ فارمز کا استعمال کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ بالی ووڈ کی یہ تینوں مشہور شخصیات اپنے عالمی مداحوں کی تعداد پر فخر کرتی ہیں لیکن اِنہوں نے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی مظالم کے خلاف کھل کر بات کرنے سے گریز کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں تینوں خانز کی خاموشی کو ہندو انتہا پسندوں کے ردعمل کے خوف سے منسوب کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ انتہا پسند ہندوؤں کی جانب سے تینوں خانز کو متعدد بار جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی جا چکی ہیں







