کپتان کا اہم کھلاڑی آجکل اسٹیبلشمنٹ اور حکومت کو بند کمروں میں کیا کہہ رہا ہے؟

عوامی سطح پر شعلہ بیاں رہنما کے طور پر مشہور کپتان کے اہم کھلاڑی اور وزیر اعلی’ خیبر پختونخواہ علی امین وفاقی حکومت کے ساتھ اپنی بات چیت اور ایس آئی ایف سی کے اجلاس کے دوران اچھے رویے کا مظاہرہ کررہے ہیں۔
باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ ایس آئی ایف سی کے اجلاس کے دوران اور وزیراعظم سمیت وفاقی حکومت کے عہدیداروں کے ساتھ اپنی باضابطہ بات چیت میں علی امین اپنے جارحانہ انداز کے بالکل برعکس رویے کا مظاہرہ کررہے ہیں۔
پیر کے روز وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر بجلی اویس لغاری کے ساتھ پریس کانفرنس میں ایک سوال کے جواب میں علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ ان کی سیاست اور ان کی انتظامی ذمہ داری علیحدہ رہنا چاہئے اور انہیں آپس میں ملانا نہیں چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اپنے صوبے کے مسائل کے حل کیلئے تمام ریاستی اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے بانی نے کہا ہے کہ ہمارا اداروں کے ساتھ کوئی ٹکراؤ نہیں، گورنر کی پالیسی سے بھی کوئی اختلاف نہیں، صوبے کے مسائل اور حقوق پر بات چیت کرنا ہوگی۔
کہا جاتا ہے کہ بند کمرے میں ہونے والی ملاقاتوں میں علی امین گنڈا پور نے وفاقی حکام کو بھی یہی بات بتائی ہے۔ چند وفاقی اجلاسوں میں شرکت کرنے والے ایک ذریعے نے وزیراعلیٰ کے پی کے طرز عمل کے حوالے سے بتایا ہے کہ ’’وہ تعاون کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی مفاد کے معاملات پر بات چیت میں مثبت انداز سے حصہ لے رہے ہیں اور کسی طرح کے تنازعے کی بات کرتے ہیں اور نہ بد زبانی کر رہے ہیں۔
بشکریہ انصارعباسی







