فن اور فنکار

اداکار عامر خان پر انکے بھائی کا سنگین الزام

عامر خان پر انکے بھائی فیصل کا سنگین الزام
بھارتی اداکار فیصل خان نے اپنے بڑے بھائی و اداکار عامر خان پر سنگین الزام عائد کرتے ہوئے تہلکہ خیز انکشاف کردیا۔

ان دنوں عامر خان اپنی بیٹی آئرا خان کی شادی میں مصروف ہیں اور اسی تقریب میں ان کے بھائی فیصل خان کی عدم موجودگی شہ سرخیوں میں اپنی جگہ بناچکی ہے۔

خیال رہے کہ دونوں بھائیوں کے درمیان جھگڑا گزشتہ کئی سال خبروں کی زینت بنا رہا جو گزشتہ سال دونوں کے گلے ملنے کی تصویر کے وائرل ہونے کے ساتھ ہی ماند پڑتا دکھا۔

ماضی میں فیصل خان نے ایک انٹرویو میں یہ انکشاف کیا تھا کہ عامر خان نے انہیں پاگل ثابت کر کے ان کے تمام اختیارات ضبط کرنے کی سازش کی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ ‘ ایک دن عامر خان پولیس اور ڈاکٹر کے ساتھ میرے گھر آئے اور مجھ سے کہا کہ تمھاری دماغی حالت ٹھیک نہیں ہے اس لیے تمہیں ہمارے ساتھ چلنا پڑے گا’۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ‘ عامر خان 40 باڈی گارڈز کے ساتھ آئے تھے جن کے پاس رسی اور ڈنڈے تھے یہ سب دیکھ کر میں نے ان سے کہا کہ عامر تمہیں ایسا کرنے کی ضرورت نہیں تھی تم مجھ سے اکیلے میں مل کر بھی بتا سکتے تھے کہ تمہیں کیا مسئلہ درپیش ہے’۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ‘ عامر نے مجھ سے کہا کہ ہم تمہیں کلینک لے کر جائیں گے جہاں تمھارا معائنہ ہوگا اور اگر تم ہمارے ساتھ نہیں گئے تو ڈاکٹر تمہیں انجیکشن دے گا اور تمہیں بےہوش کر کے ہم ساتھ لے جائیں گے’۔

فیصل خان نے کہا کہ ‘ میں علاج کے دوران دوائیں کھا کھا کر موٹا ہوگیا تھا اور میرا وزن 103 کلو تک جا پہنچا تھا۔ اپنی حالت دیکھ کر میں سوچتا تھا کہ اب تو کام بھی نہیں ملے گا’۔

انہوں نے بتایا کہ ‘ میں نے علاج کا ایک سال مکمل ہونے پر عامر کو کہا کہ آپ نے کہا تھا ایک سال ہوجانے پر آپ مجھے گھر واپس جانے دیں گے جس پر عامر نے وعدہ وفا کیا اور میں گھر آگیا’۔
فیصل خان نے انکشاف کیا کہ ‘ 2007 ستمبر میں عامر کی میرے پاس کال آئی اور اس نے مجھ سے کہا کہ ‘ فیصل تم پاگل ہو اور کل عدالت میں تم اس بات کا اقرار کرتے ہوئے یہ کہو گے تم اپنے ذہنی کیفیت کے سبب اپنے فیصلے خود نہیں لے سکتےاور تمہیں ایک سرپرست کی ضرورت ہے’۔
انہوں نے بتایا کہ ‘ میں یہ سن کر چونک اٹھا۔ عدالت میں جج نے مجھے کہا کہ آپ جے جے اسپتال جائیں اگر وہ آپ کی دماغی حالت کو درست قرار دے دیتا ہے تو فیصلہ آپ کے حق میں دے دیا جائے گا اور اس کے بعد یہ کیس چلتا رہا
واضح رہے کہ سال 2000 میں ایکشن مصالحہ فلم ‘میلا’ میں عامر خان اور ان کے بھائی فیصل خان نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ فلم میں جہاں عامر خان نے کشن پیارے کا کردار نبھایا تھا وہی ان کے بھائی فیصل خان نے شنکرشانے کا مشہور کردار نبھایا تھا۔

جواب دیں

Back to top button