انتخاباتتازہ ترینخبریں

قبل از وقت انتخابات: عمران خان اور نواز شریف میں بیک ڈور رابطے

ملک میں قبل از وقت انتخابات کے لیے سیاسی جماعتوں سے بیک ڈور رابطوں کا آغاز ہو گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ملک کے دو بڑے سیاسی رہنماؤں عمران خان اور نواز شریف نے بیک ڈور رابطوں کا آغاز کر دیا ہے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سیاسی پوزیشن اس وقت مستحکم ہے، اس لیے وہ چاہتے ہیں کہ فوری الیکشن ہوں، اور وہ نومبر سے زیادہ تاخیر نہیں چاہتے۔

دوسری جانب نواز شریف یہ دیکھ رہے ہیں کہ سیاسی ماحول ان کے لیے اس وقت سازگار نہیں ہے، اس لیے وہ چاہتے ہیں کہ اگلے برس مارچ، اپریل میں الیکشن ہوں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں نواز شریف سے اسحاق ڈار کے ذریعے پیغام رسانی ہو رہی ہے، ان کو یہ پیغام دو تین مرتبہ دیا جا چکا ہے کہ میاں صاحب سے کہیں کہ وہ مان جائیں کہ اس وقت ملک کے جو معاشی حالات ہیں، ان میں انتخابات کی تاخیر مناسب نہیں، چاہیں تو وہ اس کی جگہ کوئی اور شرط منوالیں۔

عمران خان کی جانب سے الیکشن اکتوبر نومبر میں کروانے کے پیغام کا نواز شریف کی جانب سے اب تک کوئی جواب نہیں دیا گیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں جواب کے لیے پندرہ بیس روز انتظار کیا جائے گا، دوسری صورت میں حکومت کے اتحادیوں کو توڑنے کی کوشش کی جائے گی، جیسا کہ فواد چوہدری نے بھی کہا ہے کہ ٹیلی فون پر اس حوالے سے رابطے ہو چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں میں دوسرا ڈیڈ لاک الیکشن کمیشن پر ہے، عمران خان کہتے ہیں کہ وہ اس الیکشن کمیشن کے تحت انتخابات نہیں چاہتے، وہ یہ بھی چاہتے ہیں کہ چیف الیکشن کمشنر تبدیل ہو۔

ادھر پنجاب میں پرویز الہٰی کی بھی خواہش ہے کہ کچھ عرصہ حکومت ابھی چلے اور کچھ منصوبے مکمل کیے جائیں لیکن وہ اس کے لیے پابند ہیں کہ عمران خان جب کہیں گے انھیں اسمبلی توڑنا ہوگی۔

تاہم دوسری طرف ن لیگ اور پی ٹی آئی میں اس بات پر اتفاق ہے کہ مرکز اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ساتھ کرائے جائیں، اس سلسلے میں آصف علی زرداری کو منانا ہوگا، تاکہ سندھ میں بھی اسمبلی توڑی جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button