تازہ ترینخبریںپاکستان

مون سون میں کون سے حفاظتی اقدامات ضروری ہیں؟

آج کل پاکستان میں مون سون عروج پر ہے اور ایسے موسم میں نمی اور حبس بہت زیادہ بڑھ جاتی ہے، جس کی وجہ سے انواع واقسام کے کیڑے مکوڑے اور طرح طرح کے رینگنے والے حشرات الارض اپنے بلوں سے باہر آ جاتے ہیں۔ ایسے میں چند احتیاطی تدابیر کی اشد ضرورت ہے تاکہ ناگہانی تکلیف سے۔۔۔ اللہ کی مدد کے ساتھ بچا جا سکے۔

1۔ کپڑے اور جوتے ہمیشہ جھاڑ کر پہنیں، کپڑوں کو تین مرتبہ جھاڑ کر پہننے کا حکم ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بھی دیا ہے۔

2۔ اپنے دھلے یا میلے کپڑوں کو غسل خانوں میں مت لٹکائیں۔

3۔ میلے کپڑوں کی باسکٹ یا ٹب بھی غسل خانوں میں نہ رکھیں اور اگر رکھنا ہی ہو تو کوشش کریں کہ یہ ڈھکن والے ہوں۔

4۔ گھر کی صفائی ستھرائی کی چیزیں جیسے جھاڑو یا فرش اور صفائی والا کپڑا جھاڑ کر استعمال کریں۔

5۔ گیراج، صحن یا کوریڈور میں پڑی چیزوں کو دیکھ بھال کے اٹھائیں۔

6۔ ننگے پاؤں نہ پھریں۔

7۔ گھر میں موجود ڈرینیج اور پائپوں کے منہ کو اچھی طرح جالیوں سے بند کریں۔

8۔ باورچی خانے میں کوئی بھی چیز ڈھکے بغیر نہ رکھیں خاص طور پر رات کے وقت۔

9۔ پانی کے برتنوں اور کھانے پینے والی چیزوں کو بھی ڈھانپ کر رکھیں۔

10۔ رات کے وقت کوئی بھی کھانے کی چیز کو فرش پر پڑا نہ رہنے دیں۔

11۔ اگر گھر کے صحن، گیراج، چھت یا کسی اور جگہ اینٹیں روڑے پتھر وغیرہ پڑے ہیں اور انہیں ہٹانا ہو تو بہت دھیان سے ہٹائیں کیونکہ ایسی جگہیں حشرات الارض کو بہت پسند ہوتی ہیں۔

12۔ ایک بڑی بوتل میں کیڑے مار دوائی کا مکسچر تیار رکھیں اور اور بوقت ضرورت چھڑک دیں۔ بوتل کے اوپر سپرے والی نوزل لگا لیں جو کہ بازار سے باآسانی مل جاتی ہے۔ اس بوتل کے اوپر کاغذ پر لکھ کر چپکا دیں کہ اس میں کیا ہے اور بچوں کی پہنچ سے دور رکھیں۔

13۔ گھر کے کونوں کھدروں اور صوفوں بیڈز وغیرہ کےنیچے دھیان سے صفائی کریں۔

14۔ پانی یا کوئی بھی کھانے پینے والی چیزوں کو دیکھے بغیر مت استعمال کریں۔

15۔ گھر میں موجود الماریوں کے پٹ چیزیں نکالنے یا رکھنے کے بعد کھلے نہ چھوڑیں۔

16۔ اگر کسی الماری کےخانے میں کپڑے عرصہ دراز سے تہہ ہوئے پڑے ہیں تو انہیں احتیاط سے اٹھائیں اور استعمال کریں۔

17۔ اس کے علاوہ بجلی کی چیزوں کو ننگے پاؤں اور گیلے ہاتھوں اور گیلے کپڑوں کے ساتھ ٹچ نہ کریں۔

18۔ اگر پانی کی موٹر صحن میں ہے تو اسے پلاسٹک شیٹ سے ڈھانپ کر رکھیں۔

19۔ ایسا کوئی بھی سوئچ بورڈ جو ایسی جگہ ہے جہاں بارش کا پانی آتا ہے، اسے لکڑی کی چھڑی سے، خشک جوتے سے، خشک ہاتھوں یا خشک کپڑوں سے ٹچ اور آن آف کریں۔

20۔ بچوں سے ہرگز پانی کی موٹر یا دیگر سوئچ آن آ ف نہ کروائیں۔

21۔ خواتین کچن میں کام کرتے ہوئے اور الیکٹرک ہوم اپلائینسز استعمال کرتے وقت اپنا خاص خیال رکھیں اور بالکل بے احتیاطی نہ کریں۔

22۔ اس کے علاوہ گیلے فرش پر قدم جما کر اور احتیاط سے چلیں۔

23۔ اپنے گھر کے بزرگوں کا خاص طور پر خیال رکھیں کہ ان کے آنے جانے کی جگہ خشک ہو، اگر زیادہ ضعیفی ہو تو انہیں چھڑی پکڑ کر چلنے پر اصرار کریں۔

24۔ گھر میں کوئی پالتو جانور ہیں یا باڑے میں مویشیوں کے لیے خشک اور صاف جگہ کا بندوبست کریں۔

25۔ احتیاط کیجیے، زندگی بہت قیمتی ہے۔

اللہ تعالیٰ ہمارے بچوں، ہمارے بزرگوں، ہماری خواتین اور سب چھوٹے بڑوں کو حادثات اور آفات ناگہانی سے محفوظ رکھے۔

آمین ثم آمین یا رب العالمین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button