تازہ ترینخبریںپاکستان

رحیم یار خان: دریائے سندھ میں کشتی ڈوبنے سے 19 افراد جاں بحق، متعدد لاپتا

پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں دریائے سندھ میں کشتی ڈوبنے سے متعدد افراد کے لاپتا ہوگئے جبکہ 19 لاشیں نکال لی گئیں۔

ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان سید موسیٰ رضا نے بتایا کہ رحیم یار خان سے 65 کلومیٹر کے فاصلے پر مچکا پولیس اسٹیشن کی حدود میں دریائے سندھ میں کشتی الٹ گئی، جس میں خواتین اور بچوں سمیت 100 افراد سوار تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ کشتی میں 100 افراد سوار تھے اور اب تک 19 لاشیں نکال لی گئی ہیں۔

مقامی افراد کے مطابق سولنگی قبیلے سے تعلق رکھنے والے افراد راجن پور میں ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس سے آرہے تھےکہ ان کے ساتھ حادثہ پیش آیا اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق کشتی میں گنجائش سے زیادہ افراد سوار تھے۔

ریسکیو 1122 کا کہنا تھا کہ ماچکا پولیس اسٹیشن کے افسر نے ان کو فون کرکے اطلاع دی کہ 50 سے 70 مسافروں کو لے آنے والی کشتی دریا میں الٹ گئی ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہیں ریسکیو 1122کی ٹیمیں ایمبولینس، واٹر ریسیکیو وین اور 30 ریسکیو اہلکاروں کے ہمراہ جائے وقوع پر پہنچی۔

اس سے قبل ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان سید موسیٰ رضا نے بتایا تھا کہ 35 افراد کو نکال لیا گیا ہے اور جاں بحق 9 خواتین کی لاشیں بھی نکال دی گئی ہیں جبکہ دیگر لاپتہ مسافروں کی تلاش جاری ہے۔

خیال رہے کہ مون سون بارشوں کی وجہ سے دریائے سندھ میں پانی کا بہاؤ بڑھنے لگا ہے لیکن کشتی چلانے والے مقامی افراد مسافروں کو دوران سفر حفاظتی اقدامات کا خیال نہیں رکھتے اور نہ ہی ریسکیو جیکٹ پہناتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق کشتی چلانے والے مقامی افراد کشتی لنگر انداز کرنے سے قبل مسافروں کی تعداد کا خیال نہیں رکھتے جس کی وجہ سے بہت سی قیمتی جانیں ضائع ہو جاتی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button