تازہ ترینخبریںفن اور فنکار

تنویر جمال کینسر سے زندگی کی جنگ ہار گئے

پاکستان ٹیلی ویژن کے معروف اداکار، ڈائریکٹر اور پروڈیوسر تنویر جمال جاپان میں انتقال کر گئے۔

اداکار تنویر جمال کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور جاپان کے اسپتال میں زیرِ علاج تھے، دوران علاج اس جہان فانی سے کوچ کرگئے، تنویر جمال کو اب سے 6 سال قبل 2016 میں پہلی دفعہ کینسر کا مرض تشخیص ہوا تھا تاہم فوری طور پر آپریشن کے بعد کینسر کو ان کے جسم سے نکال دیا گیا تھا۔

تاہم پھر پانچ سال بعد یعنی سال 2021 میں انہیں ایک دفعہ پھر کینسر کے مرض نے آگھیرا اور اس دفعہ یہ مرض زیادہ تیزی کے ساتھ ان کے جسم میں پھیلا، ایک دفعہ پھر علاج شروع ہوا لیکن کینسر کا مرض ڈاکٹروں کے قابو میں نہ آسکا اور ان کے جسم کو کمزور کرتا رہا۔

بالاآخر جاپان میں ان کے قریبی دوست اشرف چہل نے انہیں جاپان آنے کا مشورہ دیا تاکہ مزید علاج کرایا جاسکے، تنویر جمال رواں سال 25 مئی کو جاپان پہنچے اور راقم کے پاس ایک ہفتہ قیام کیا۔

اس موقع پر تنویر جمال نے بہت سی دل کی باتیں کیں، زندگی کے حوالے سے بہت سے نصیحتیں بھی کیں اور کئی وصیتیں بھی کیں لیکن وہ زندہ رہنا چاہتے تھے، وہ جاپان میں اپنی بقایا زندگی گزارنا چاہتے تھے، وہ جاپان کے خوبصورت مقامات کی سیاحت کرنا چاہتے تھے۔

تنویر جمال جاپانی کھانے کے شوقین تھے، پنے بیوی بچوں سے بے انتہا محبت کرتے تھے لیکن انہیں زندگی نے بہت سارے جذباتی صدمات بھی پہنچائے تھے جس کا انہوں نے تفصیلی زکر بھی کیا جو ان کی امانت ہیں، ہ رشتوں کے بہت زیادہ ستائے ہوئے انسان تھے لیکن بہت بڑے دل کے انسان تھے۔

انہوں نے تمام تکالیف اکیلے برداشت کرنے کا فیصلہ کر رکھا تھا وہ صرف خوشیاں بانٹنے کے عادی تھے غم صرف اپنے لیے رکھتے تھے، وہ دنیا کے سامنے مظلوم بننے کے تیار نہ تھے، وہ کسی کے سامنے ہاتھ پھیلانے والی شخصیت نہیں تھے بہت خود دار انسان تھے، بچوں کے جوان ہونے کے باوجود ان کی ضرویات پوری کیا کرتے تھے۔

تنویر جمال کے دوست نے بتایا کہ اداکار جاپان میں رہنا چاہتے تھے، کئی کاروبار بھی کیے جو ناکام ہوئے، کڑوڑوں کا نقصان ہوا لیکن کسی سے تکلیف بیان نہیں کی، وہ پاکستان اور جاپان سے بہت محبت کرتے تھے، دونوں ممالک کے تعلقات کی بہتری کے لیے فلمیں بھی بنائیں پاکستان کے کئی بڑے فنکاروں کو جاپان لائے۔ ڈرامے تیار کیے، فلمیں بنائیں لیکن بدقسمتی سے ان کی دو فلمیں تیار ہونے کے باوجود ریلیز نہ ہوسکیں جس کا بھی انہیں رنج تھا جس پر ان کے کروڑوں روپے لگ چکے تھے۔

اداکار کے دوست نے کہا کہ وہ جاپان میں پاکستانی کمیونٹی سے بہت محبت کرتے تھے آج ان کی وفات کی خبر سن کر بہت سارے پاکستانی اپنے آنسو نہیں روک پا رہے، اشرف چہل رو رہے ہیں، ملک یونس آنسو بہا رہے ہیں، لالا رفاقت کی آواز ان کے غم کا قصہ سنارہی ہے میں خود کو نہیں سنبھال پا رہا ہوں، میں ابھی تک حج پر آنے سے قبل ان کے آخری انٹریو کے بارے میں سوچ رہا ہوں جب ہم ان کی تیمارداری کے لیے گئے اور وہ ہمیں حوصلہ رکھنے کی تسلیاں دے رہے تھے۔

اُنہوں نے کہا کہ ملک نور اعوان رو رہے ہیں ملک ساجد افسردہ ہیں، آصف قمر، انیس احمد، محمد اعجاز، نصرف اعوان، عاقل عراقی ہر آنکھ اشکبار ہے، اللّٰہ تنویر جمال کی مغفرت فرمائے اور ان کی آگے کی منازل آسان فرمائے۔

اداکار کے دوست نے یہ بھی کہا کہ ان جیسا بڑا انسان، ایک رکھ رکھاؤ والا انسان، ایک بڑا فنکار، ایک محبت کرنے والا دوست، ایک شفیق باپ، ایک فرمانبردار بیٹا اور ایک محبت کرنے والا بھائی اس دنیا سے چلا گیا۔

تنویر جمال، خدا حافظ اللّٰہ آپ کی منازل آسان کرے اور آپ کی تمام لغزشون، غلطیوں، کوتاہیوں اور گناہوں کو معاف کرکے آپ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، آمین۔

تنویر جمال نے لواحقین میں جاپانی اہلیہ اور تین بچے چھوڑے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button