
عورت مارچ نے خواتین کی مدد کرنے کے بجائے انھیں متنازعہ بنا دیا
وینا ملک نےعورت مارچ کوخواتین کی مدد کے بجائے ان چیزوں کواجاگرکرنے والا قراردیا ہے جوتنازعات کوجنم دیں۔
پاکستان میں ہرسال 8 مارچ کو خواتین کے عالمی دن کے موقع پرمنعقد کیے جانے والے مارچ کئی حوالوں سے حمایت کے ساتھ ساتھ تنقید کا نشانہ بھی بنائے جاتے ہیں،خصوصاً ان میں استعمال کیے جانے والے پوسٹرزکے حوالے سےسوشل میڈیا پرمختلف آراء کی بھرمارنظرآتی ہے۔
اداکارہ وینا ملک نے بھی اس حوالے سے اپنے خیالات کا اظہارکرتے ہوئے عورت مارچ کو’متنازع’ قراردیا ہے۔
سوشل میڈیا پروائرل پوسٹ میں وینا ملک کا کہنا ہے کہ، ‘میں یہ محسوس کرتی ہوں کہ عورت مارچ ایسی چیزوں کی تصویرکشی کر رہا ہے جو خواتین کی مدد کرنے کے بجائے صرف تنازعات کواپنی جانب کھینچتے ہیں’۔
ویناکے مطابق، ‘خواتین کے صحت کے مسائل ،یکساں تنخواہ کے مسائل ہیں اوربہت سی دیگر ایسی چیزیں ہیں جن پرانہیں یکساں حقوق دیے جانے چاہئیں، لیکن جب آپ سنجیدہ نہیں ہوتے تو سڑکوں پرنکل کرچیختے ہیں’۔
عورت مارچ کے حوالے سے اپنے خیالات کااظہارکرنے والی وینا نے مزیدلکھا کہ ، ‘جب آپ سنجیدہ ہوں تونظام میں جاکران قوانین کو تبدیل کریں جوحقیقی طورسے لوگوں کی مدد کرسکتے ہیں، شورشرابہ کرنے والے کبھی سنجیدہ نہیں ہوتے’۔