ہم میدان نہیں چھوڑیں گے: سینیٹر علی ظفر

جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے رکن اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی جماعت تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر علی ظفر کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ میں آٹھ نئے ججز کی تقرری کے معاملے پر وکلا کا احتجاج جاری رہے گا۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’ہم میدان نہیں چھوڑیں گے، اپنی آواز اٹھائیں گے۔‘
’میں نے چیف جسٹس کو لکھے گئے خط میں سینیارٹی کا مسئلہ اٹھایا ہے، پہلے اسے حل کر لیں۔‘
وہ کہتے ہیں کہ کسی اور جج کو سپریم کورٹ لایا جاتا ہے جس سے ججز میں رنجش پیدا ہو سکتی ہے۔ ’ہم اس اصول پر کھڑے ہیں کہ شخصیات آنے جانے والی بات ہے، ادارہ اور اصول سب سے ضروری ہے۔‘
انھوں نے تسلیم کیا کہ تمام وکلا تنظیمیں ان تبادلوں کے خلاف نہیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ اس کی مخالفت جاری رکھیں گے۔
خیال رہے کہ آج دوپہر دو بجے سپریم کورٹ میں آٹھ ججز کی تعیناتی کے لیے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ہوگا