Column

ہاکی کے ’’ انسائیکلو پیڈیا‘‘ مظہر جبلپوری، ایک عہد ساز شخصیت

تحریر : خالد محمود

’’ میں ہاکی کھیلنا پسند کرتا تھا اور اسی پسند ہی کی وجہ سے اس کے بارے میں لکھا۔ میں پاکستان میں ہاکی کا واحد مورخ اور شماریاتی ماہر ہوں ، اور اس علم کو آگے بڑھانے کے لئے اپنی کتابیں بانٹتا ہوں۔ کتابیں بانٹنے کے لئے کچھ مخیر حضرات مالی اعانت ضرور کرتے ہیں مگر ان پر کبھی اکتفا نہیں کیا۔ اپنی جیب سے ہی پیسہ خرچ کرتا ہوں لیکن میں چاہتا ہوں کہ لوگ بھی انہیں پڑھیں، لہذا میں انہیں تحفہ دیتا ہوں‘‘۔ یہ ہیں معروف ہاکی مورخ و ماہر شماریات،21کتابوں کے مصنف اور عہد ساز شخصیت مظہر جبلپوری کے انٹرویو سے لی گئی چند سطور۔
ہاکی مورخ مظہر جبلپوری اب ہم میں نہیں رہے۔ طویل علالت کے بعد 91برس کی عمر میں بدھ21اپریل 2021ء کو کراچی کے ایک مقامی اسپتال میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ جبلپوری کے انتقال سے سپورٹس بالخصوص قومی کھیل ہاکی کی دنیا میں ایک خلا پیدا ہو گیا جو مدتوں پر نہ ہو سکے گا۔ گویا کھیلوں کی دنیا، خاص طور پر ہاکی کا ایک عہد جو تمام ہوا۔ پاکستان کھیلوں کی دنیا کے ایک عظیم تاریخ دان اور دانشور سے محروم ہوگیا۔ مدھیہ پردیش کے ضلع ساگر میں 10جنوری 1930ء کو پیدا ہو نے والے مظہر جبل پوری کو ذرائع ابلاغ میں سپورٹس کے حوالے سے کالم لکھنے کا بانی تصور کیا جاتا ہے، ان کا ہاکی کے حوالے سے 17کتابیں لکھ کر قومی کھیل کے عروج زوال اور اعدادوشمار کو ہمیشہ کے لئے قلمبند کرنا ایک عظیم کارنامہ ہے۔ مظہر جبل پوری کو ہاکی کے علاوہ پاکستان میں فٹبال اور فٹبالرز کی حالت زار قلمبند کرنے سمیت مجموعی طورپر 21کتابوں کا مصنف ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے ۔ مرحوم مظہر جبلپوری کو ہاکی کا شوق جنون کی حد تک تھا۔ باڈی بلڈر کی حیثیت سے بھی اپنے آپ کو منوایا۔ آپ نے قیام پاکستان کے بعد سینٹرل اینڈ ٹیلیویژن ڈویژن،وزارت خارجہ اور مرکری پرائیویٹ لمیٹڈ میں 52برس خدمات انجام دیں۔ اس دوران متعدد ڈرامے بھی لکھے جو طبع نہ ہو سکے۔ابتداء میں متعدد اخبارات میں کھیلوں پر کالم لکھتے رہے لیکن بعد میں انہوں نے اپنے آپ کو قومی کھیل ہاکی کے لیے وقف کر دیا۔ مرحوم مظہر جبلپوری نے پاکستان ہاکی کا ریکارڈ مرتب کرکے قومی سطح پر بے مثال خدمات انجام دیں۔ انہوں نے متعدد ہاکی ، کرکٹ اور شوٹنگ بال کلب کی بنیاد رکھی ہے اور انہیں منظم کیا۔ مرحوم نے مختلف کھیلوں کی تنظیموں کیلئے مختلف سرکاری عہدوں پر خدمات انجام دیں جن میں کراچی امیچور ریسلنگ ایسوسی ایشن اور اسلام آباد شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کے سکریٹری عہدے شامل ہیں۔
مظہر جبلپوری ایک شفیق انسان اور مصنف، دوست ، استاد، سپورٹس لوور اور اسپورٹس آرگنائزر کے طور پر جانے جاتے تھے۔ کھیلوں بالخصوص ہاکی سے متعلق معلومات اور اعداد و شمار پر عبور حاصل تھا اور اس میں ان کا کوئی ثانی نہیں تھا اسی لئے انہیں ہاکی کے ’’ انسائیکلو پیڈیا‘‘ کہا جاتا تھا۔ کراچی میں ہاکی کا کوئی بھی پروگرام ہوتا، ٹورنامنٹ یا ایونٹ ہوتا ، وہ اپنے مخصوص بیگ کے ساتھ ہر جگہ موجود ہوتے اور اس بیگ میں کتابوں کا خزانہ ہوتا جس میں ہاکی سے متعلق معلومات اور اعداد و شمار شامل ہوتے تھے ۔ جب بھی ہاکی سے متعلق ریکارڈ کی ضرورت پیش آتی تو مرحوم مظہر جبلپوری سے مدد لی جاتی۔ آپ ہاکی روشن خیالی کے مظہر تھے ۔
پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ہاکی کے اس دور کے چیئرمین رانا مشتاق احمد نے مظہر جبل پوری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم جبل پوری ایک ایماندار اور مخلص اور عہد ساز شخصیت تھی۔ ان کی پوری زندگی کھیلوں کی سرگرمیوں سے وابستہ رہی۔ پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ہاکی کے بانی پروفیسر رائو جاوید اقبال نے بھی مظہر جبلپوری کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا، ہم ایک عظیم سپورٹس لور اور محقق سے محروم ہو گئے۔ مرحوم جبل پوری سے ذاتی طور پر قریبی تعلقات تھے اور ہمیشہ ان سے رہنمائی لی۔ ان کی وفات سے ہم سب رنجیدہ ہیں اور ان کی رفاقت ہمیشہ یاد رہے گی۔
ہم مرحوم جبلپوری کی خدمات کو فراموش نہیں کر سکتے۔ وہ پاکستان ہاکی کی ایک عہد ساز شخصیت تھی۔ انہوں نے جس طرح ہاکی کھیل کے اعداد شمار کو قلم بند کئے، ہاکی کھیل سے محبت کرنے والوں کے لئے ایک قیمتی اثاثہ ہے۔

جواب دیں

Back to top button