کامسٹیک کا فلسطین کے لیے مزید 5 ہزار فیلوشپس کا اعلان
کامسٹیک نے دوسرے مرحلے میں فلسطین کے لیے مزید 5 ہزار فیلوشپس کا اعلان کر دیا ہے، کامسٹیک فسلطین اسکالرشپ پروگرام کے تحت پہلے مرحلے می 95 فلسطینی نوجوان یہ اسکالرشپ حاصل کر چکے ہیں۔
کامسٹیک سیکرٹریٹ میں ایک افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، الجزائر، ایتھوپیا، قازقستان، ملائیشیا، مالدیپ، مراکش، عمان، روس، صومالیہ، سوڈان، شام، شمالی قبرص، اور یمن کے سفیر بھی شریک ہوئے۔
کنسورشیئم کے رکن اداروں کے وائس چانسلرز، غیر ملکی فیلوز اور فلسطینی طلبہ بھی تقریب میں شریک تھے، وزیر سائنس خالد مقبول نے کہا یہ اہم ترین اقدام فلسطینی بھائیوں کے لیے پاکستان کی طرف سے تحفہ ہے۔
سیکریٹری جنرل او آئی سی جسین براہیم طہٰ نے کہا کہ کامسٹیک، پاکستان کی یونیورسٹیز، اور فلسطینی سفارت خانے میں تعاون اہم قدم ہے، یہ پروگرام فلسطینی عوام کو درپیش چیلنجز کے درمیان امید کی ایک کرن ہے۔ فلسطینی سفیر احمد جواد ربیع نے کہا بربریت کے نتیجے میں ہماری مبارک سرزمین فلسطین پر فلسطینیوں کا خون بہایا جا رہا ہے، فاشسٹ، دہشت گردانہ حملے اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے کیے جا رہے ہیں، مسئلہ فلسطین دنیا بھر بالخصوص عالم اسلام کے آزاد عوام کے ضمیر میں سب سے اہم ہے۔
کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک ڈاکٹر اقبال چوہدری نے اس موقع پر کہا فلسطینی طلبہ کے لیے فیلوشپس کا اعلان سائنس و ٹیکنالوجی، صحت، زراعت کے مختلف شعبوں میں کیا گیا ہے، ایپسپ، کامسٹیک کنسورشیئم کی ممبر یونیورسٹیوں نے 5 ہزار فیلوشپس دینے کا وعدہ کیا ہے، اس میگا پروگرام کا اعلان او آئی سی سیکریٹری جنرل کی طرف سے بھی جلد جدہ میں کیا جائے گا۔