محمود خان اچکزئی کی آصف زرداری کو صدر منتخب ہونے پر مبارکباد

سُنّی اتحاد کونسل کے حمایت یافتہ صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی نے آصف علی زرداری کو پاکستان کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔
صدارتی انتخاب کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ ’میں زرداری صاحب کو مبارکباد دینے گیا تھا لیکن وہ وہاں نہیں تھے، وہاں نوید قمر اور رضا ربانی بیٹھے تھے میں نے انھیں مبارکباد دی۔‘
خیال رہے ووٹنگ کے دوران آصف زرداری کو پارلیمنٹ سے 255 اور ان کے مخالف امیدوار محمود خان اچکزئی کو 119 ووٹ ملے تھے۔
محمود خان اچکزئی نے صدارتی انتخاب میں نامزد کرنے پر پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ’عمران خان صاحب میرے اس وقت کے دوست ہیں جب ہم نے اے پی ڈی ایم (آل پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ) بنائی تھی۔‘
محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ ملک میں سیاسی کشیدگی کم کرنے کی ضرورت ہے اور وہ میاں نواز شریف سے ’درخواست‘ کریں گے کہ اپنی پارٹی کے سمجھدار لوگوں کو یہ ٹاسک سونپیں۔
’ہمیں ایک دوسرے کو سنبھالنا ہے اور یہ بہت آسانی سے ہوسکتا ہے۔‘